Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 وزن کم کرنے والی ادویات چھوڑنے سے ذیابیطس کے مریضوں کو دگنا خطرہ ہو سکتا ہے: تحقیق

ڈاکٹر فے رائلی نے مریضوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنے معالج سے مشورے کے بغیر علاج بند نہ کریں (فوٹو: پکسابے)
وزن کم کرنے والی ادویات کا استعمال ترک کرنے والے ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مریضوں میں ہارٹ اٹیک، فالج یا کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ ان مریضوں کے مقابلے میں تقریباً دگنا ہو سکتا ہے جو یہ ادویات استعمال کرتے رہتے ہیں۔ یہ بات برطانیہ کے اخبار دی ٹیلی گراف میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
تحقیق کے مطابق گلوکاگون لائیک پیپٹائڈ ون (جی ایل پی ون) نامی ادویات استعمال کرنے والے ٹائپ ٹو ذیابیطس کے مریضوں کی قلبی صحت بہتر رہی، خصوصاً ان افراد میں جنہیں تحقیق کے آغاز پر دل کی کوئی تشخیص شدہ بیماری لاحق نہیں تھی۔
محققین نے اٹلی کے 300 سے زائد ذیابیطس کلینکس کے الیکٹرانک طبی ریکارڈ کا جائزہ لیا، جس میں جی ایل پی ون ادویات استعمال کرنے والے 80 ہزار سے زیادہ مریض شامل تھے۔ اس تحقیق میں اٹلی کے ماہرین کے علاوہ لندن کے گائز اینڈ سینٹ تھامسز این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے ماہرین بھی شریک تھے۔
نتائج کے مطابق علاج جاری رکھنے والے مریضوں نے اوسطاً تقریباً تین سال تک یہ ادویات استعمال کیں جبکہ علاج ترک کرنے والوں میں یہ مدت ایک سال سے کچھ زیادہ تھی۔ ادویات چھوڑنے والے ہر 100 مریضوں میں سالانہ تقریباً چار افراد کو ہارٹ اٹیک یا فالج کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ علاج جاری رکھنے والوں میں یہ تعداد دو تھی۔ موٹاپے کا شکار رہنے والے مریضوں میں خطرہ مزید زیادہ دیکھا گیا۔
تحقیق کے نتائج طبی جریدے ’دی لانسیٹ ریجنل ہیلتھ – یورپ‘ میں شائع ہوئے۔ تاہم محققین نے واضح کیا کہ یہ مشاہداتی تحقیق تھی، اس لیے اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ادویات چھوڑنے سے براہ راست خطرہ بڑھتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ علاج ترک کرنے والے بعض مریض پہلے ہی خراب صحت کا شکار ہوں۔ ادویات چھوڑنے کی وجوہات، مثلاً مضر اثرات، اخراجات، کمزوری یا کینسر جیسی بیماریاں بھی تحقیق میں شامل نہیں کی گئیں۔
برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کی کلینیکل ڈائریکٹر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر سونیا بابو نارائن نے کہا کہ نتائج مزید تحقیق کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق جی ایل پی ون ادویات دل کے لیے اہم ثابت ہوئی ہیں، تاہم ان کے ساتھ متوازن غذا اور باقاعدہ جسمانی سرگرمی بھی ضروری ہے۔
ذیابیطس یو کے کی ڈاکٹر فے رائلی نے بھی مریضوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنے معالج سے مشورے کے بغیر علاج بند نہ کریں۔ سٹروک ایسوسی ایشن کی چیف ایگزیکٹو جولیٹ بووری کے مطابق ذیابیطس، موٹاپا اور بلند فشار خون فالج کے خطرے میں اضافے کے اہم عوامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند غذا، ورزش اور تمباکو نوشی سے پرہیز بھی فالج سے بچاؤ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

شیئر: