’ناشتے میں تاخیر صحت کے لیے نقصان دہ‘، دن کے پہلے کھانے کا بہترین وقت کیا ہے؟
’ناشتے میں تاخیر صحت کے لیے نقصان دہ‘، دن کے پہلے کھانے کا بہترین وقت کیا ہے؟
منگل 10 نومبر 2026 7:37
صرف صحت بخش ناشتہ کرنا ہی کافی نہیں بلکہ اسے مناسب وقت پر کھانا بھی اہم ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
ناشتہ دن کی اہم ترین غذاؤں میں شمار ہوتا ہے کیونکہ رات بھر خالی پیٹ رہنے کے بعد یہ جسم کو توانائی فراہم کرنے اور روزمرہ سرگرمیوں کے لیے تیار کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صرف صحت بخش ناشتہ کرنا ہی کافی نہیں بلکہ اسے مناسب وقت پر کھانا بھی اہم ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق صبح کے کھانے میں غیر ضروری تاخیر جسم کی قدرتی گھڑی اور میٹابولزم کو متاثر کر سکتی ہے۔
غذائیت سے متعلق ایک رپورٹ کے مطابق دوپہر 12 بجے کے بعد یا بیدار ہونے کے دو گھنٹے سے زیادہ وقت گزرنے کے بعد پہلا کھانا کھانے کی عادت صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
اس سے بھوک کے قدرتی نظام، ہاضمے اور جسم میں توانائی کے توازن پر اثر پڑ سکتا ہے۔
میٹابولزم متاثر ہو سکتا ہے
صبح کا ناشتہ رات بھر کے فاقے کے بعد جسم کے میٹابولزم کو فعال رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ ناشتہ مسلسل تاخیر سے کرنے کی عادت جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی (سرکیڈین ردھم) کو متاثر کر سکتی ہے۔
بعض تحقیقات میں صبح دیر سے کھانے اور انسولین کی مزاحمت میں اضافے کے درمیان تعلق بھی سامنے آیا ہے جو ذیابیطس کا خطرہ بڑھانے والا ایک اہم عنصر ہے۔
توانائی میں کمی اور بھوک میں اضافہ
ناشتہ دیر سے کرنے والے افراد اکثر دوپہر کے کھانے میں زیادہ مقدار کھا لیتے ہیں یا درمیان میں غیر ضروری سنیکس استعمال کرتے ہیں۔
اس سے خون میں شوگر کی سطح میں اتار چڑھاؤ اور توانائی میں کمی محسوس ہو سکتی ہے۔ طویل عرصے تک یہ عادت وزن میں اضافے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
توجہ مرکوز کرنے میں دشواری اور تھکاوٹ
رات بھر کھانے کے وقفے کے بعد دماغ کو بھی توانائی اور غذائی اجزا کی ضرورت ہوتی ہے۔ ناشتہ کرنے میں زیادہ تاخیر بعض افراد میں تھکاوٹ، توجہ کی کمی اور ذہنی کارکردگی متاثر ہونے کا باعث بن سکتی ہے۔
کھانے کے اوقات میں بے قاعدگی جسم کے بھوک اور پیٹ بھرنے کے قدرتی اشاروں کو متاثر کر سکتی ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
صحت بخش ناشتہ یادداشت، توجہ اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو بہتر رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
بھوک کے قدرتی نظام میں خرابی
کھانے کے اوقات میں بے قاعدگی جسم کے بھوک اور پیٹ بھرنے کے قدرتی اشاروں کو متاثر کر سکتی ہے۔
اس کے نتیجے میں بعض افراد کو غیر ضروری بھوک محسوس ہوتی ہے یا وہ اپنی غذائی ضروریات سے زیادہ کھانا شروع کر دیتے ہیں۔
ناشتے کا بہترین وقت کیا ہے؟
رپورٹ کے مطابق صبح بیدار ہونے کے ایک سے دو گھنٹے کے اندر ناشتہ کرنا بہتر ہے۔ متوازن ناشتے میں پروٹین، صحت بخش چکنائی اور فائبر سے بھرپور غذاؤں کو شامل کرنا چاہیے تاکہ دوپہر کے کھانے تک توانائی برقرار رہے اور خون میں شوگر کی سطح متوازن رہنے میں مدد ملے۔
ماہرین کے مطابق صحت مند طرزِ زندگی کے لیے متوازن غذا کے ساتھ کھانے کے اوقات میں باقاعدگی بھی اہم ہے۔ تاہم ہر فرد کی غذائی ضروریات اور معمولات مختلف ہو سکتے ہیں، اس لیے ناشتے کا وقت اپنی صحت اور روزمرہ روٹین کے مطابق طے کرنا چاہیے۔