مری ایکسپریس وے پر مسافر وین میں آگ لگنے سے بچوں سمیت 10 افراد ہلاک
مری ایکسپریس وے پر کھجوٹ کے مقام پر مسافر وین میں آگ لگنے سے بچوں سمیت دس افراد موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہو گئے جبکہ 13 زخمی ہیں۔
موٹر وے پولیس کے بیان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو ملتان سے مری کی جانب جا رہے تھے۔
ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سیاحوں کی ٹویوٹا ہائی ایس گاڑی تیز رفتاری کی وجہ سے سڑک کے کنارے دیوار سے ٹکرائی جس کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 13 افراد زخمی ہو گئے۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق وین میں 10 بچے بھی سوار تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی قریبی ایمرجنسی ایمبولینس سروس فائر ریسکیو سروس اور دیگر ایمرجنسی ریسورسز کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا تھا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی اور متاثرہ مسافروں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
