شارجہ کے ساحل کے قریب ایک جہاز کے پاس میزائل کے ٹکرانے سے دھماکہ: برطانوی ادارہ
برطانوی ادارے کے مطابق جہاز پر موجود تمام عملہ خیریت سے ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سمندروں کی نگرانی پر مامور برطانوی ادارے نے اطلاع دی ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ساحل کے قریب پروجیکٹائل لگنے سے ایک مال بردار جہاز میں دھماکہ ہوا ہے تاہم اس دھماکے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
برطانیہ کے بحری ٹریڈ آپریشنز (یوکے ایم ٹی او) نے بتایا ہے کہ اسے شارجہ کے شمال میں 15 نوٹیکل میل ( 28 کلومیٹر) کے فاصلے پر کھڑے مال بردار جہاز پر گولہ لگنے سے دھماکے کی اطلاع ملی۔
ادارے کے مطابق ’یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ پروجیکٹائل کس نوعیت کا تھا اور کدھر سے آیا تھا لیکن یہ مال بردار جہاز کے قریب ہی سے داغا گیا تھا۔‘
برطانوی ادارے نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ جہاز پر موجود تمام عملہ خیریت سے ہے۔