مقامی لوگوں میں مقبول مٹی اور پتھر کے برتنوں میں ’المدھن، التنور اور البرمہ‘ شامل ہیں جو کھانے کو محفوظ رکھنے اور روایتی پکوانوں کی تیاری اور پیش کرنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
ان برتنوں کی خصوصیات انہیں نجران کی ثقافتی شناخت اور قدیم روایات کی علامت بناتی ہیں جبکہ ان کا استعمال نسلوں سے آنے والی عادات و روایات سے بھی جڑا ہوا ہے۔
المدہن، اہل نجران کے دسترخوان کا روایتی جزو مانا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مختلف سائز میں تیار ہونے والا ’المداہن‘ اہل نجران کے دسترخوانوں کا ایک نمایاں روایتی حصہ ہے۔
ان میں سے بعض روزمرہ استعمال کے لیے جبکہ بعض دعوتوں وغیرہ کے لیے مخصوص ہوتے ہیں۔
ان برتنوں میں ریجن کے مشہور روایتی پکوان مثلا الرقش (بھنا گوشت)، المرضوفہ (گندم، گھی) اور شہد سمیت مختلف کھانے پیش کیے جاتے ہیں۔
یہ کھانے اپنی روایتی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے نسل درنسل منتقل ہوتے ہیں اور خطے کے ثقافتی ورثے کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔
المداہن کی نمایاں خصوصیت ان کے روایتی ڈھکن ہیں جو کھجور کے پتوں سے تیار کیے جاتے ہیں۔
یہ ڈھکن برتن کے دہانے کے مطابق مختلف اشکال اور سائز میں بنائے جاتے ہیں اور کھانے کی گرمائش کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں ۔
پتھروں کے برتنوں میں تیار ہونے والے پکوان کا ذائقہ مزیدار ہوتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
البرمہ اور التنور، روایتی باورچی خانے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ البرمہ میں تیار کیا جانے والا گوشت اور یخنی کا ذائقہ انتہائی منفرد ہوتا ہے، جبکہ التنور (تندور) روٹیوں اور دیگر روایتی پکوانوں کی تیاری کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
مٹی اور چٹانی پتھروں سے تیار ہونے والے یہ روایتی برتن نجران کی ثقافت کا اہم پہلو ہیں۔ ان سے علاقے کی شناخت اور اجداد کی یادیں جڑی ہیں۔