Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 فضل الرحمان کی ملک گیر احتجاج کی کال، سرگودھا کانفرنس سے قبل جے یو آئی رہنماؤں کی حراست پر کشیدگی

مولانا فضل الرحمان نے الزام لگایا کہ ان کے جلسے کو روکنے کے لیے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں (فوٹو: اے پی پی)
 جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سرگودھا میں پارٹی کی کانفرنس کے انعقاد میں مبینہ رکاوٹوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال دیتے ہوئے کارکنوں اور عوام سے سڑکوں پر نکلنے اور شاہراہیں بند کرنے کی اپیل کی ہے۔
جمعرات کو پارٹی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں جبکہ لاہور میں ان کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔
ان کے مطابق 26 نومبر کو سرگودھا میں ہونے والی کانفرنس کا اعلان برقرار ہے اور پارٹی کے قافلے شہر کی جانب روانہ ہو رہے ہیں تاہم لاہور سے سرگودھا جانے والے راستوں، موٹر وے اور دیگر شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے چشمہ، میانوالی اور خوشاب سمیت مختلف علاقوں میں راستوں کی بندش اور جلسہ گاہ میں پولیس کی تعیناتی کا بھی دعویٰ کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک پارٹی کارکنوں کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں اور مرکزی رہنماؤں مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا امجد خان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ جلسہ گاہ پہنچنے کے بجائے سڑکوں پر نکلیں اور موٹر ویز سمیت اہم شاہراہیں بند کرکے احتجاج کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سے جمہوری اور آئینی حق چھینا جا رہا ہے اور پارٹی کو سیاسی اجتماع کرنے سے روکا جا رہا ہے۔
سرگودھا کانفرنس پر پابندیاں کیوں لگائی گئیں؟
جے یو آئی (ف) نے 26 نومبر کو سرگودھا کی فاطمہ جناح روڈ پر ’تحفظ آئین پاکستان و عوامی حقوق کانفرنس‘ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی قیادت کے مطابق اس اجتماع کا مقصد آئین کی بالادستی، عوامی حقوق اور صوبائی خودمختاری کے معاملات کو اجاگر کرنا ہے۔
تاہم سرگودھا کی ضلعی انتظامیہ نے 23 نومبر سے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے عوامی اجتماعات، جلسوں، جلوسوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کر دی تھی۔
دوسری جانب مقامی ذرائع ابلاغ  میں 26 نومبر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق سرگودھا کے ریجنل پولیس افسر سہیل سکھیرا نے تصدیق کی کہ مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا امجد خان اور ملک اویس کو بدھ کی شب سرگودھا میں ایک گھر سے حراست میں لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ان رہنماؤں کو ڈویژن میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیے گئے اور ان کی نقل و حرکت محدود کی گئی۔
جے یو آئی (ف) نے ان اقدامات کو گرفتاریاں قرار دیتے ہوئے رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان اور وفاقی حکومت کے درمیان کشیدگی اکتوبر سے جاری ہے، جس کی ایک بڑی وجہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ ہے۔
وفاقی حکومت نے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ حکومت کا مؤقف تھا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں مطلوبہ تعاون نہیں کر رہی۔ تاہم مولانا فضل الرحمان نے اس فیصلے کو آئین کا غلط استعمال قرار دیتے ہوئے مخالفت کی تھی۔

شیئر: