Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شریف فیملی کو طلبی کے دوبارہ نوٹس

  اسلام آباد... احتساب عدالت میں دائر نیب ریفرنسز میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت شریف خاندان کا کوئی فرد پیش نہیں ہوا۔عدالت نے 26 ستمبر کو دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کرد ئیے۔شریف خاندان کے خلاف فلیگ شپ انویسٹمنٹ، عزیزیہ اسٹیل ملز اور لندن فلیٹس سے متعلق نیب کے دائر کردہ 3 ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز جبکہ داماد کپیٹن (ر) محمد صفدر کو آج طلب کیا تھا۔ نیب کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ آپ نے سمن کس کو دیا؟نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ سمن گیٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکار کے حوالے کئے۔نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ عدالت شریف خاندان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔جس پر عدالت نے کہاکہ نیب پراسیکیوٹر وارنٹ گرفتاری بھی جاتی عمرہ کے گارڈز کو دے آئیں گے۔احتساب عدالت کے جج نے نیب پراسیکیوٹرز کو ہدایت دی کہ اگرشریف خاندان کو طلبی کا نوٹس لندن کے پتے پر بھی روانہ کرنا پڑے تو روانہ کیا جائے۔عدالت نے ہدایت کی کہ ملزمان کے سیکیورٹی انچارج کو سمن دے کرجان نہ چھڑائی جائے تمام قانونی ضابطوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کو آگئے بڑھایا جائے۔ عدالت نے شریف خاندان کو 26 ستمبر کےلئے دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر آصف کرمانی نے کہا کہ شریف خاندان کو نوٹسز موصول ہوئے ہیں تاہم حسن اور حسین نواز رائے ونڈ کے رہائشی نہیں۔ عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز علیل ہیں ان کی تیمارداری کے لئے شریف خاندان لندن میں موجود ہے۔ 

شیئر: