کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، چار مسافر ہلاک
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)
کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس ملتان کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں چار مسافر ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق حادثہ منگل کو علی الصبح اس وقت ہوا جب چلتی ٹرین کی کچھ بوگیاں پٹری سے نہ صرف اتر گئیں بلکہ الٹ بھی گئیں۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور اس وقت بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی آپریشن مکمل ہونے کے بعد واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔