Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتشار پیدا کرنے والے فتوﺅں کا سدباب کیا جائے، قاہرہ عالمی کانفرنس

 قاہرہ ..... رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ کی تجویز پر افتا ء کی بین الاقوامی کانفرنس کے شرکاءنے انتشار پیدا کرنے والے فتوﺅں کے سدباب اور فتوے کا عالمی ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کی دعوت دیدی۔ قاہرہ میں منعقدہ کانفرنس کے شرکاءنے مشترکہ اعلامیہ جاری کرکے متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ فتوے کے اجراءکو جلد از جلد منظم کریں۔ فکری سلامتی اور سماجی امن کے ستونوں کو راسخ کرنے کیلئے فتوے کو منظم کرنا ضروری ہے۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ مفتی اور فتویٰ طلب کرنے والوں کے حوالے سے فتوے کا صالح کلچر بھی عام کیا جائے۔ کانفرنس نے عجیب و غریب قسم کے فتوﺅں کے اجراءکو کنٹرول کرنے کیلئے سخت قاعدے ضابطے بنانے پر زور دیا اور توجہ دلائی کہ اس قسم کے فتوے پوری امت میں انتشار پیدا کررہے ہیں۔کانفرنس کا سلسلہ 3روز تک جاری رہا۔ اس کا اہتمام دنیا بھر میں قائم فتوﺅں کے مراکز نے "معاشروں کے استحکام میں فتوے کے کردار" کے موضوع پر کیا تھا۔ کانفرنس کے شرکاءنے اپیل کی کہ دنیا بھر میں باقاعدہ قائم فتویٰ مراکز کے فتوﺅں پر مشتمل انفارمیشن سنٹر او رفتویٰ ڈیٹا قائم کیا جائے تا کہ مفتیان کرام اور اسکالر حضرات استفادہ کرسکیں۔ فتاویٰ مراکز سے کہا گیا کہ وہ صحیح فتوے کے حصول کو آسان بنانے اور رائے عامہ تک پہنچانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں۔ اس امر پر زور دیا گیا کہ اجتماعی فتوے کا رواج قائم کیا جائے۔ مفتیان کرام اس سلسلے میں بھرپور تعاون کریں۔ انتشار اور ہیجان پیدا کرنے والے فتوﺅں کا سدباب کیا جائے۔ مفتیان کرام کی تیاری کے کورس ترتیب دیئے جائیں۔ ذرائع ابلاغ سے اپیل کی گئی کہ وہ ماہر مفتیان کرام کے فتاویٰ پر ہی انحصار کریں اور عوامی امور میں ایسے کسی شخص سے فتوے نہ لیں جو اس کے اہل نہ ہوں۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عیسیٰ نے تجویز دی تھی کہ فتوے کے عمل کو منظم کیا جائے اور بغیر اجازت نامے کے فتوے کے اجراءکو جرم قرار دیا جائے۔ خصوصاً ملی مسائل سے تعلق رکھنے والے امور میں فتوے کی بابت انتہائی احتیاط برتی جائے۔

شیئر: