Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

القدس پر شاہ سلمان کا موقف عالم اسلام کا ترجمان ہے، سینیٹر سحر کامران

     جدہ ، اسلام آباد ( ارسلان ہاشمی ، نیوز ڈیسک ) سینیٹر سحر کامران نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین  شاہ سلمان نے مسئلہ القدس اور فلسطینی عوام کی جس طرح غیر معمولی حمایت کی ہے وہ قابل قدر ہے ۔ بیت المقدس کے حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان  سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو گا ۔ اردو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سحرکامران نے مزید کہا پاکستانی عوام ہر موقع پر اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ مسلم امہ کسی بھی حالت میں اس بات کو برداشت نہیں کرے گی کہ انکے قبلہ اول کو اسرائیل کے دارالحکومت  کے طور پر تسلیم کیاجائے ۔ امریکی صدر کا  یہ اقدام اقوام متحدہ امن کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ایوان بالا میں قرار داد پیش کی ہے جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا ۔ کوئی مسلمان کسی طرح یہ برداشت نہیں کرے گا کہ بیت المقدس پر اسرائیل کا مکمل قبضہ ہو اور مسلمان اس سے دور ہو جائیں ۔ دریں اثناء جمعرات کو انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں القدس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے ۔ وہ خود کو کبھی تنہا نہ سمجھیں ۔ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول اور معراج کی پہلی منزل ہے ۔ اس مقدس مقام کے خلاف مسلم امہ کبھی کسی سازش کو برداشت نہیں کرے گی ۔ سیمینار میں اسلام آباد میں متعین سعودی  سفیر نواف سعید المالکی اور فلسطین کے سفیر کے علاوہ پاکستانی سینیٹر اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی ۔ سینیٹر سحرکامران نے اپنے خطاب میں مزید کہا اس وقت امت کو   70 کی دہائی  جیسی اعلی اور جری مسلم  قیادت کی اشد ضرورت ہے۔ انہو ں نے سعودی عرب کے سابق فرمانرواشاہ فیصل بن عبدالعزیز اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار کی بھٹو خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1974 میں او آئی سی سمٹ میں ان قائدین نے مسئلہ فلسطین کی جس طرح حمایت کی آج ان کو دہرانے کی ضرورت ہے ۔سحر کامران نے القدس کے حوالے سے سعودی عرب کے موقف کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اسے مستحسن اقدام قرار دیا  جس میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان  اور سعودی اعلیٰ قیادت نے  فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکی صدر کے بیان کو غیر منطقی اور ناقابل قبول قرار دیا تھا ۔ قبل ازیں انہو ں نے سیمینار میں شریک سعودی سفیر سے خصوصی ملاقات کرکے مملکت کی اعلی قیادت کی ملت اسلامیہ کیلئے خدمات کو سراہا ۔ انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے  مابین برادرانہ تعلقات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔ سیمینار کے اختتام پر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش اور سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی نے سینیٹر سحرکامران کو شیلڈ پیش کی ۔
 

شیئر: