Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جہانگیر ترین پر پورا اعتماد ہے،عمران خان

کراچی ...تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ایک سال سپریم کورٹ میں کیس چلا ۔ایک منشیات فروش نے میرے خلاف کیس کیا ۔ ایک ایسے شخص کیخلاف کیس کیا جو کبھی پبلک آفس ہولڈر نہیں تھا ۔اس کے باجود لندن فلیٹس کی ساری منی ٹریل دی۔ کراچی ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف 300ارب روپے منی لانڈرنگ کرکے باہر لے کر گیا لیکن قطری خط کے سوا کو ئی دستاویز نہیں دی گئی ۔مجھے افسو س ہوا کہ میر ا مقابلہ منی لانڈر سے کیا گیا لیکن میں اپنی حلال کی کمائی کا پیسہ پاکستان واپس لایا ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس کیس میں مجھے بری کیا۔ اس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ عمران خان نے جہانگیر ترین کی نااہلی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹیکنیکل وجوہ پر نااہل قرار دیا گیا ۔نظر ثانی میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اس ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے۔ ہمارامقابلہ چوروں سے نہ کیا جائے ۔یہ موازنہ کرنا بھی جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب نے حدیبیہ کیس میں شریف خاندان کو بچایا ہے۔ عدالت نے میرٹ پر نہیں ٹیکنیکل بنیادوں پر فیصلہ کیا۔ نیب نے اس کیس کو درست طریقے سے پیش ہی نہیں کیا۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا جہاز استعمال کرتے ہیں تو وہ پارٹی کا ہوتا ہے اور اسے پیسے دئیے جاتے ہیں۔ جہانگیر ترین پر پورا اعتماد ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی میں جائیں گے۔

شیئر: