Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد نے ایران سے ملنے والے ہتھیار حوثیوں سے چھین لئے ، ترجمان المالکی

ریاض.... یمن کی آئینی حکومت کی بحالی کیلئے قائم عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی بن صالح المالکی نے اعلان کیا ہے کہ عرب اتحادیوں نے ایران سے ملنے والے ہتھیار حوثیوں سے چھین لئے۔ المالکی نے بتایا کہ گزشتہ دنوں یمن کی سرکاری فوج اور باغیو ںکیخلاف سرگرم عوامی رضاکاروں کی لاجسٹک مدد کی گئی اور انہیں فضائی سائبان بھی فراہم کیا گیا۔ ترکی نے واضح کیا کہ فضا سے لی جانے والی تصاویر سے پتہ چلا ہے کہ ایک حوثی سام میزائل 7اٹھائے ہوئے ہے اوراپاچی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ اپاچی ہیلی کاپٹر حوثیوں کے ایک قافلے کو نشانہ بنا رہا تھا۔ یہ لوگ سعودی عرب کی سرحدوں سے متصل ایک مقام پر حملے کی تیاریاں کررہے تھے۔ اپاچی ہیلی کاپٹروں نے حوثیوں کی فوجی گاڑیاں تباہ کردیں۔ انکے اسلحہ کے گوداموں اور جمع ہونے والے مقامات پر بھی بمباری کی۔ کرنل ترکی ا لمالکی نے بتایا کہ ایسے کئی مقامات کی نشاندہی کرلی گئی ہے جہاں حوثی بیلسٹک میزائل ذخیرہ کئے ہوئے ہیں ان پر بمباری بھی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اتحادیوں کے طیارے سعودی عرب کی سرحدوں کے قریب حوثیوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کرکے ان پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں۔ المالکی نے توجہ دلائی کہ دوسری جانب اتحادی ممالک یمن کے مختلف علاقوں میں ہوائی جہازوںسے امدادی سامان گرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صنعاءمیں سرگرم عمل انسانی حقوق کی تنظیمیں حوثیوں کے زیر اثر ہیں۔ المالکی نے بتایا کہ اتحادی افواج کے طیاروں نے یمن کی آئینی حکومت کے تعاون سے یمن بھر میں ایسے پمفلٹ گرائے ہیں جن میں امن پسندوں کی مدد کی پیشکش اور اسکے طور طریقے بیان کئے گئے ہیں۔
 

شیئر: