قرآ ن و حدیث کے سوا کسی بھی شخص کا بیان اسلام میں حجت نہیں، رابطہ اسلامی
کوالالمپور....رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے واضح کیا ہے کہ قرآن و حدیث کے سوا کسی بھی شخص کابیان اسلام میں حجت نہیں۔ وہ کوالالمپور میں عالمی امن مکالمہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ 20 ممالک کی ایک ہزار سے زیادہ عالمی شخصیات کانفرنس میں شریک ہوئیں۔ ملائیشیا کے وزیراعظم محمد نجیب الرزاق نے افتتاحی اجلاس سے صدارتی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا نے شاہ سلمان عالمی امن مرکز کے قیام سے اسلام کی بابت غلط عالمی تصورات کی اصلاح ہوگی۔ یہ مرکز داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے پھیلائے جانے والے پرخطر تصورات کی مزاحمت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دینی اداروں کا دائرہ کار عقائد کے پرچار تک محدود نہیں رہنا چاہئے انہیں دہشت گردی و انتہا پسندی کے انسداد پر بھی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ انہوں نے مسلم دنیا کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ اسلام میں اعتدال کی تعلیمات کی ترویج کیلئے روڈ میپ ترتیب دیں۔ مسلم علماء اور ان کے ادارے انتہا پسندانہ افکار اور اسلامی فرائض کی بابت تحریف شدہ خیالات کے انسداد کیلئے نئے طور طریقے اختیار کریں۔ ہمیں دہشت گرد تنظیم داعش کے پرفریب پروپیگنڈے سے نمٹنے کیلئے حتیٰ الامکان جدوجہد کرنا ہوگی۔ رابطے کے ڈاکٹر العیسیٰ نے اپنی تقریر میں توجہ دلائی کہ اسلامی اعتدال کی قدریں انتہا پسندانہ تصورات پھیلانے والوں کے یہاں ناپید ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انتہا پسندی کو ناحق اسلام کے ساتھ جوڑا جارہا ہے۔ اسلام فوبیا کی صورت میں جوابی انتہا پسندی نے تشدد ، کشمکشوں اور دہشت گردی کے دروازے کھولے ہیں۔ ہر ایک کو اپنی ذمہ داری انجام دینا ہوگی۔ ہر ایک اور یہ بھی ماننا ہوگا کہ دونوں کو اس مہم میں حصہ لینے سے فائدہ ہوگا۔ مسلم انتہا پسند اسلام فوبیا کا پرچا ر کرنے والوں کی اشتعال انگیزیوں کا سہارا لے کر مسلمانوں کے جذبات بھڑکاتے ہیں۔ یہیں سے فکری کشمکش اور تمدنی تصادم برپا ہوتا ہے۔