Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہادر مصری نے نقاب پوشو ں کو قابو کر کے ڈاکے کی کوشش ناکام بنا دی

الخبر.... الخبر میں 25برس سے مقیم ایک بہادر مصری نے سپر مارکیٹ میں نقاب پوشوں کو قابو کر کے ڈاکے کی کوشش ناکام بنادی۔ مشرقی ریجن پولیس کے ترجمان کرنل زیاد الرقیطی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہاں مقیم ایک مصری کی شجاعت نے سپر مارکیٹ کو لٹنے سے بچالیا۔ مصری نے ڈاکوﺅں کو قابو کرکے پولیس طلب کرلی تھی۔ اسکی وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سعودی صارفین نے دل کھول کر مصری شہری کی دلیری کی تعریف کی۔ اسے خراج تحسین پیش کیا۔مصری شہری حنفی شاکر رسلان نے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ وہ الخبر کے العزیزیہ علاقے میں صبح ساڑھے 6بجے روٹی ، چائے اور پنیر ناشتے کیلئے لینے گیا تھا ۔ سامان لے کر کیشیئر کے پاس پہنچا، وہاں دو نقاب پوش کھڑے تھے۔ ایک کے ہاتھ میں سریا اور دوسرے کے ہاتھ میں پستول تھا۔ دونوں نقاب پوش کیشیئر کو سب کچھ حوالے کرنے کی دھمکیاں دے رہے تھے۔ منظر مشکوک لگا ، میں نے دریافت کیا کہ ماجرا کیا ہے۔ ایک نقاب پوش نے مجھے جھڑک دیا او رخاموش نہ ہونے کی صورت میں زدوکوب کرنے کی دھمکی بھی دیدی۔ اسی دوران ایک نقاب پوش نے مجھ پر حملہ کر دیا۔ دوسرے نے اسے روکا ، میں پھر جائے وقوع پر بیوقوف بنا کھڑا رہا۔ اس تاک میں تھا کہ جونہی موقع ملے گا میں اپنا ہاتھ دکھا دوں گا۔ پستول بردار جب نقدی نکالنے کیلئے کاونٹر کی جانب جھکا میں نے فوراً ہی اسے دبوچ لیا اور اس کے ہاتھ سے پستول چھین لیا۔ اس وقت تک اس کا دوسرا ساتھی سامان چوری کرنے کیلئے اندر گیا ہوا تھا۔ میں نے پہلے نقاب پوش کو کیشیئر کے حوالے کیا اور دوسرے کی تلاش میں اندر گیا۔ اسے بھی قابو کر لیا اور پھر کیشیئر کی مدد سے دونوں کے ہاتھ پیر باندھ دیئے۔ اسی دوران ایک سعودی گاہک نے رابطہ کر کے پولیس طلب کرلی۔ میںنے اپنے کفیل کو بھی فون کر کے بلا لیا تھا۔ آنے پر چوروں کی گاڑی کی چابی اور پستول اس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے سپر مارکیٹ پہنچنے پر حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واردات کو ناکام بنانے میں جرا¿ت مندانہ عمل پر مصری شہری کا شکریہ ادا کیا۔ 

شیئر: