Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیری نئی تاریخ رقم کر رہے ،نواز شریف

مظفر آباد ...سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر ی خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔ کشمیریوں کا درد ہمارا درد ہے۔ پیرکو یوم یکجہتی کشمیر پر مظفر آباد میں ن لیگ کے بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس بہادری کے ساتھ کشمیر ی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اسے سلام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔کشمیری جرات اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔تحریک آزادی جلد کامیابی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو پہلے بھی عالمی فورمز پر اٹھایا ہے۔ یہ کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ہاتھ صاف ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کی سیاست پر بات نہیں کرنا چاہتا ۔میرے خلاف فیصلہ آیا ۔ کیا اپنے بیٹے سے تنخوا ہ نہ لینے پر وز یر اعظم نا اہل ہو جاتا ہے؟۔ کیا آپ کو یہ فیصلہ قبول ہے؟۔قبل ازیں آزاد کشمیر اسمبلی کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوںنے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا حق خودارادیت اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ان کا بنیادی حق ہے، پاکستان کشمیریوںکے حق خودارادیت کی تائید وحمایت کرتا رہے گا۔

شیئر: