Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو منتخب چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے حلف اٹھالیا

اسلام آباد... بلوچستان سے آزاد سینیٹر ز گروپ اور اپوزیشن اتحاد کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔ن لیگ کے راجہ ظفر الحق شکست کھا گئے۔ صادق سنجرانی کو 57 جبکہ راجہ ظفر الحق کو46 ووٹ ملے۔ ایوان نے صادق سنجرانی کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ نومنتخب چیئرمین صاد ق سنجرانی نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ پریذائڈنگ افسر یعقوب ناصر نے حلف لیا۔ ایوان میں ایک زرداری سب پر بھاری کے نعرے لگائے گئے۔ ووٹنگ کے دوران ایک موقع پر جے یوآئی ف کے مولانا عبدالغفور حیدری سمیت 3 سینیٹرز ایوان سے چلے گئے اور ووٹ کاسٹ نہیں کیا جس پر ن لیگ کے حلقوں میں پریشانی نظر آئی بعد ازاں جے یو آئی ف کے سینیٹرو ں نے واپس آکر ووٹ کاسٹ کیا۔نو منتخب چیئرمین سینیٹ میرصادق سنجرانی کا تعلق چاغی کے علاقے نوکنڈی سے ہے۔ صادق سنجرانی 14اپریل 1978کو پیدا ہوئے ۔ ابتدائی تعلیم نوکنڈی میں حاصل کی ۔ بلوچستان یونیورسٹی سے ماسٹرز کیا۔ان کے والد محمد آصف سنجرانی کا شمار علاقے کے نمایاں قبائلی رہنما وں میں ہوتا ہے۔ وہ ان دنوں ضلع کونسل چاغی کے رکن ہیں۔ ایک بھائی اعجاز سنجرانی نواب ثنا ءاللہ زہری کے دور حکومت میں محکمہ ریونیو کے مشیر بنے۔میر صادق سنجرانی 1998میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے کو آرڈینیٹر رہے۔2008میں جب یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم پاکستان بنے تو شکایات سیل کا سربراہ میر صادق سنجرانی کو بنایا گیا۔ 5 سال تک اس سیل کے سربراہ رہے۔
مزید پڑھیں:سینیٹ کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

شیئر: