Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلو ایڈڈ ٹیکس خلاف ورزیاں جانچنے کےلئے 10 ہزار سے زائد تفتیشی کارروائیاں

ریاض ..... زکوة و آمدنی کی قومی کمیٹی نے ویلو ایڈڈ ٹیکس کی خلاف ورزیوں پرگزشتہ 2 ماہ کے دوران مملکت کے مختلف شہروں میں 3542 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مملکت میں ویلو ایڈڈ ٹیکس " واٹ " کا نفاذ یکم جنوری 2018 سے کیا گیا ہے اس ضمن میں زکوة و آمدنی کی قومی کمیٹی کی جانب سے خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کےلئے 10 ہزار سے زائد تفتیشی کارروائیاں کی گئیں تاکہ ان امور کا جائزہ لیا جاسکے کہ مقررہ قواعدپر کس طرح عمل درآمد کیا جارہا ہے ۔ کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ "واٹ " کی خلاف ورزی کے حوالے سے کمیٹی کو متعدد شکایات موصول ہوئی جن پر کارروائی کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کا چالان کیا گیا ۔ ادارہ ٹیکسیشن کی قومی کمیٹی نے تجارتی مراکز ، الیکٹرانک آلات فروخت کرنے والی مارکیٹوں ، سونے کے زیورات فروخت کرنے والی دکانو ں ، فارمیسیز ، اسپتالوں ، رہائشی ہوٹل اور دیگر ادارے شامل ہیں جو ٹیکس کی ادائیگی کے زمرے میں شامل ہیں کا دورہ کیا تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جاسکے کہ کون خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے۔ جو ادارے یا کمپنیاں خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئی ان پر جرمانے بھی کئے گئے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ کمیٹی کو متعدد ایسی شکایات موصول ہوئی جن میں کہا گیا تھا کہ بعض دکانداریا تجارتی ادارے 5 فیصد ٹیکس تو وصول کر رہے ہیں مگر وہ اسکی رسید نہیںدیتے ۔ ایسے ادارے جو قومی کمیٹی میں رجسٹرڈ ہیں انہیں واٹ نمبر جاری کیا گیا ہے ۔ واٹ نمبر ادارے کی جانب سے جاری کی جانے والی رسید پر درج ہوتا ہے ۔ وہ دکانیں جو واٹ سسٹم میں رجسٹرڈ نہیں اور وہ صارفین سے واٹ کی مد میں 5 فیصد اضافی رقم وصول کرتے ہیں تو یہ قانونی طور پر جرم تصور کیا جاتا ہے ایسے اداروں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے ۔ ذرائع نے مزید کہا کہ تجارتی اداروں کی جانب سے واٹ سسٹم میں اندراج نہ کرانے پر چالان کئے گئے ۔ سب سے زیادہ خلاف ورزیاں مکہ مکرمہ ریجن میں ریکارڈ کی گئی جن کا تناسب 28 فیصد تھا دوسرا نمبر ریاض کا رہا جہاں 19فیصد جبکہ مشرقی ریجن میں خلاف ورزیوں کا تناسب 13 فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔ مملکت کے دیگر علاقوںمیں مجموعی طور پر 40 فیصد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی۔ کمیٹی نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ اپنے اسمارٹ فون پر " واٹ رجسٹریشن انکوائری" کی ایپ انسٹال کر لیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ جس ادارے سے وہ خریداری کر رہے ہیں وہ زکوة و آمدنی کمیٹی میں رجسٹرڈ ہیں یا نہیں ۔ وہ ادارے جو رجسٹریشن کے بغیر واٹ وصول کرتے ہیں ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے ۔ صارفین اپنی شکایات کے بارے میں کمیٹی کی ویب سائٹ www.vat.gov.sa پر درج کروا سکتے ہیں یا 19993 پر کال کر کے اطلاع دی جا سکتی ہے ۔ 

شیئر: