Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت پر کسی قسم کا حملہ برداشت نہیں کیا جائیگا، شاہ سلمان

 ریاض.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ مملکت کی سرزمین پر کسی قسم کا حملہ برداشت نہیں کیا جائیگا۔ سعودی عرب اپنے ملک کی سلامتی، شہریوں و غیر ملکیوں کی حفاظت کے لئے کوئی بھی اقدام کرسکتا ہے۔ وہ ریاض کے قصر یمامہ میں منگل کو کابینہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔انہوں نے حوثی باغیوں کے میزائل حملوں کی مذمت کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کابینہ ارکان کو بتایا کہ امیر کویت شیخ جابر الاحمد او ربحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے ٹیلیفون کرکے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ کابینہ نے سعودی فضائی افواج کی مستعدی اور بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی فضائیہ نے نہایت مستعدی سے حوثی میزائلوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے فضا میں تباہ کردیا۔ کابینہ نے ایران کی پشت پناہ میں کام کرنے والے حوثی ملیشیا کے اس مجرمانہ عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی کو میزائل حملوں کا نشانہ بنانے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ کابینہ نے حوثی باغیوں کو میزائل اسمگل کرنے کی ایرانی کوششوں کی بھی مذمت کی ہے۔ کابینہ نے کہا ہے کہ ایران، حوثی باغیوں کو میزائل فراہم کرکے انہیں یمن اور سعودی عرب کی شہری آبادی کے خلاف استعمال کرتا ہے۔کابینہ نے ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امریکہ کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ امریکی صدر نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی حکومت کیلئے جن نیک جذبات کا اظہار کیا ہے وہ دراصل دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔

شیئر: