کپل شرما کا نیا شو،پرانے ساتھیوں کی یاد
ہندوستان کے معروف کامیڈین کپل شرما کو اپنے نئے شو ”فیملی ٹائم ود کپل شرما“ میں پرانے پروگرام ”دی کپل شرما شو“ کی کاسٹ کی یاد ستانے لگی۔مقبول کامیڈی پروگرام ”دی کپل شرما شو“ میں کپل کے ساتھی اداکار سنیل گروور سے جھگڑے کی وجہ سے شو کی مقبولیت میں کمی آئی اور بالآخر شو بند ہوگیا۔ اب کپل نے ایک نئے شو ”فیملی ٹائم ود کپل شرما“ شروع کیا لیکن وہ مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں اپنے نئے شو میں پرانے پروگرام کی کاسٹ یادآ رہی ہے۔ان کے پرانے پروگرام کے ساتھی اداکار علی اصغر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ۔کپل شرما نے علی اصغر کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا بہت شکریہ، میں آپ لوگوں کو بہت یاد کررہا ہوں، یہ وہی اسٹیج ہے جہاں ہم ساتھ شوٹنگ کیا کرتے تھے لیکن صرف میں ہی جانتا ہوں کہ میں آپ سب کے بغیر کس طرح شوٹنگ کررہا ہوں۔