ایران نواز لابی مملکت کےخلاف ہر پروپیگنڈے میں ناکام ہو گی، حافظ عبدالحمید
روضہ اطہر کے بارے میں افواہیں بے بنیاد ہیں ، سربراہ تحفظ حرمین شریفین موومنٹ
جدہ (ارسلان ہاشمی ) تحفظ حرمین شریفین موومنٹ کے قائد جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے کہا ہے کہ مملکت کے خلاف ایرانی لابی ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے ۔حوثی باغی اور انکے پشت پناہ اپنی ناکامیوں کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر مملکت کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈ ے پر اتر آئے ہیں ۔ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں سعودی حکومت ، علمائے کرام اور عوام الناس کو عالم اسلام میں بدنام کرنے کی کوشش کی جاری ہے ۔حافظ عبدالحمید نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ایرانی لابی اور اس کے پروردہ باغیوں کی جانب سے روضہ اقدس کے حوالے سے جو پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ۔ وہ اس میں بری طرح ناکام ہونگے ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں علمائے کرام اور سعودی عوام نے جس طرح آج تک مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کی خدمت اور حفاظت کی ہے آئندہ بھی حرمین شریفین کی حفاظت کو اپنی جانوں سے عزیز ترسمجھیں گے اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک اس موقع پر سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیںبالخصوص پاکستان کا بچہ بچہ حرمین شریفین کے تحفظ اور ناموس رسالت کے لئے دلو ں میں کٹ مرنے کا جذبہ رکھتا ہے ۔ حرمین کی مثالی خدمت اور ترقی کے لئے ہر مسلمان دل سے سعودی حکمرانوں کی قدر کرتا ہے ۔ سعودی حکومت نے ہمیشہ حرمین اور ضیوف الرحمان کےلئے بہترین خدمات انجام دی ہیں ۔