Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیب کے خلاف بھی تفتیش ہونی چاہئیے،خرم دستگیر

اسلام آباد... وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے نیب کی طرف سے نواز شریف پر منی لانڈرنگ کے الزام کے حوالے سے تحقیقات کے نوٹس کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نیب کے نظام کی تفتیش ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 4.9 ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ کا مضحکہ خیز اور لغو الزام لگا یاگیا حالانکہ اسٹیٹ بینک اس کی تردید کرچکا ہے۔اس الزام پر ہمارے سیاسی مخالفین بھی ہنس رہے ہیں۔ ہر معاملے پر نواز شریف کا نام ہی قرعہ فال میں کیوں نکل آتاہے؟ دراصل نواز شریف کا ٹرائل نہیں ہورہا بلکہ عوام کے حق حاکمیت کا ٹرائل ہورہا ہے۔ یہ بات نیب کے اعلامیے نے ثابت کردی ہے۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا محاصرہ آج بھی جاری ہے۔ پانا مہ اسکینڈل کو استعمال کرنے اور واٹس ایپ کالوں کا کیا مقصد تھا ۔جے آئی ٹی میں ایجنسیوں کے نمائندوں کو شامل کرنے کا کیا مقصد تھا۔ اداروں کی جانب سے جے آئی ٹی کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا کیا مقصد تھا۔ قانون کو چھوڑ کر بلیک لا ڈکشنری کے ذریعے وزیراعظم کو ہٹایا گیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف کی زیر قیادت قومی معیشت نے ترقی کا سفر شروع کیا ہے۔کراچی سے بلوچستان اور بلوچستان سے فاٹا تک سحر نمودار ہو رہی ہے۔پاک فوج کی بے مثال قربانیوں سے ایسے علاقوں میں امن آرہا ہے۔ جہاں موت بکتی تھی۔آئندہ بھی مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی زیر قیادت چاروں صوبوں کو ساتھ لے کر قومی ترقی کا یہ سفر جاری رکھے گی۔
مزید پڑھیں:نواز شریف کےخلاف ایک او رنیب تحقیقات

شیئر: