4 ارب مسلمان، عیسائی اور یہودی تشدد کے مخالف
ریاض..... شاہ عبداللہ عالمی مکالمہ بین المذاہب مرکز کے سیکریٹری جنرل فیصل محمد معمر نے واضح کیا ہے کہ 4 ارب مسلمان، عیسائی اور یہودی دین کو تشدد کیلئے استعمال کرنے کی مخالفت کررہے ہیں اور فروغ امن کیلئے کوشاں ہیں۔ وہ رابطہ عالم اسلامی اور آکسفورڈ اسلامک اسٹیڈیز سینٹر کے زیر اہتمام ہونے والی امن کانفرنس سے لندن میں خطاب کررہے تھے۔ یہ کانفرنس مذاہب عالم میں سلامتی کے موضوع پر منعقد کی گئی۔ بن معمر نے کہا کہ مکالمہ انتہا پسندی کیخلاف طاقت کا بڑا ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب کے درمیان مکالمہ اور تعاون ضروری ہے۔ باہمی تعارف سے ایک دوسرے کے احترام کا جذبہ راسخ ہوتا ہے۔ بن معمر نے کہا کہ 84 فیصد لوگ دینی عقائد رکھتے ہیں۔ امن وامان کی تعمیر و تشکیل میں دینی اقدار کے اثرات غیر معمولی ہیں۔ اگر مذاہب کے پیشوا ایک دوسرے سے تعاون کریں تو کثیر مذہبی معاشرہ احسن شکل میں قائم ہوسکتا ہے۔