Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق چیف سیکرٹری فضل الرحمن نگراں وزیر اعلیٰ سندھ منتخب

کراچی: پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے آخری روز رات گئے صوبہ سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے بالآخر فیصلہ ہوگیا۔ اس حوالے سے فضل الرحمن جو سندھ کے سابق چیف سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں، کو صوبے کا نگراں وزیر اعلیٰ منتخب کرلیا گیا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ دنوں صوبائی حکومت اور حزب اختلاف میں بات چیت جاری تھی مگر فریقین کسی بھی حتمی نام پر اتفاق نہیں کر پائے تھے تاہم گزشتہ روز رات گئے یہ معاملہ اپنے انجام کو پہنچ گیا۔
مزید پڑھیں:پاکستانی تاریخ میں دوسری حکومت آئینی مدت پوری کرنے بعد ختم
سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے متعلق اعلان وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحق نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا جس میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر مکیش چاولہ، ناصر حسین شاہ اور ایم کیو ایم کے فیصل سبزواری بھی شریک تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم نے 25 ناموں کی فہرست کے ساتھ 9 بجے بات چیت شروع کی تھی اور بالآخر 12 بجے سے پہلے ہی سابق چیف سیکرٹری سندھ فضل الرحمن پر ہمارا اتفاق ہوا ہے۔ اس حوالے سے گورنر سندھ محمد زبیر کو سمری روانہ کردی گئی ہے، امید ہے کہ ایک یا دو روز میں نگراں وزیر اعلیٰ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔ واضح رہے کہ فضل الرحمن اس سے قبل سندھ میں سیکرٹری فنانس کے طور پر بھی اپنے ذمے داریاں انجام دے چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: آج کے دن سب کچھ ہی تاریخی ہے، نواز شریف
ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے سندھ کے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ میں بہترین تعاون کرنے پر حزب اختلاف کی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے اہم افراد کے نام بات چیت کے دوران زیر غور تھے تاہم حتمی اتفاق فضل الرحمن کے نام پر ہوا ہے۔واضح رہے کہ رات گئے آخری اطلاعات تک پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے ڈیڈ لاک برقرار تھا۔
 

شیئر: