Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ نے القدس سے متعلق امریکی فیصلہ مسترد کردیا

نیویارک..... اقوام متحدہ نے القدس سفارتخانہ منتقل کرنے سے متعلق امریکی فیصلہ مسترد کردیا۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عصر حاضر میں اقوام متحدہ کا نمایاں ترین فیصلہ ہے۔ العثیمین نے کہا کہ مسجد الاقصیٰ مسئلہ فلسطین کا دل ہے۔ القدس ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمانوں کے دینی اور روحانی جذبات کا مرکز ہے۔ انہوں نے المدینہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل بننے سے قبل میری شناخت سعودی شہری کی ہے جس نے میری عقل اور وجدان میں القدس سے محبت کو راسخ کررکھا ہے۔ القدس قبلہ اول ہے ہمیں القدس کو پہنچنے والے نقصان سے ٹھیک اسی طرح دکھ ہوتا ہے جس طرح کے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو لاحق ہونے والے کسی بھی نقصان پر ہوتا ہے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے واضح کیا کہ شاہ سلمان میری نظر میں مثالی حکمراں ہیں۔ وہ دوسروں سے پہلے خود اپنا احتساب کرتے ہیں۔ امت مسلمہ سے متعلق میری آرزو ہے کہ فرزندان اسلام غربت ، فاقے اور امراض سے محفوظ ہوجائیں اور تمام مسلم ممالک اقتصادی اعتبار سے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ انہوں نے مغربی دنیا میں مقیم مسلمانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ اگر وہ امت کی منفی تصویر کو درست کرنا چاہتے ہیں تو اپنے یومیہ کردار اور گفتار کو اسلام کا آئینہ دار بناکر پیش کریں۔ 
 

شیئر: