Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول نے پیس اسٹکنگ مقابلہ جیت لیا

سینڈ ہرسٹ کے پریڈ میدان میں شاندار مظاہرہ، پہلی مرتبہ شرکت کی تھی،19عسکری ٹیموں نے حصہ لیا، ڈیفنس اتاشی بریگیڈئر شاہد منظور
ریاض (جاوید اقبال) پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے 4کیڈٹس پر مشتمل ٹیم نے سینڈ ہرسٹ کا سالانہ آل آرمز اینڈ انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلہ جیت لیا۔ گزشتہ روز برطانیہ کی شہرہ آفاق فوجی تربیت گاہ رائل اکیڈمی آف سینڈ ہرسٹ کے پریڈ گراﺅنڈ میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں 19مختلف عسکری ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ بحرین، عمان، اردن اور پاکستان کے شرکاءکے علاوہ برطانیہ، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کی 15ٹیمیں بھی مقابلے میں موجود تھیں۔ پیس اسٹکنگ ایک خصوصی مارچ ہوتا ہے جس میں وارنٹ افسر یا نان کمیشنڈ افسر کے ہاتھ میں ایک ایسی لمبی چھڑی ہوتی ہے جو انگریزی حرف ”وی “ شکل میں ہوتی ہے اور اسے ایک سرے پر ایک قبضے کی مدد سے جوڑا ہوا ہوتا ہے۔ اسی مربوط سرے کو ہاتھ میں پکڑ کر وارنٹ افسر انتہائی مہارت سے مارچ کرتا ہے اور اس چھڑی کو اپنے بدن کے متوازنی زمین پر یوں چلاتا ہے کہ اس کے دونوں کھلے سرے ایک، ایک کرکے زمین پر اپنی جگہ بدلتے رہتے ہیں۔ سینڈ ہرسٹ میں منعقد ہونے والے مقابلے میں ہر ٹیم میں 3مارچ کرنے والے شرکاءتھے جبکہ چوتھا انہیں ہدایات دے رہا تھا۔ اسے ڈرائیور کہا جاتا ہے۔ پیس اسٹکنگ کے اس مقابلے میں انتہائی مہارت سے اور منظم انداز میں تیزاور آہستہ دو طرح کا مارچ کیا جاتا ہے۔ تیز مارچ میں 116قدم فی منٹ جبکہ آہستہ مارچ میں 63قدم فی منٹ اٹھانا ہوتے ہیں۔ ممتحن افسران مقابلے میں شریک ٹیم کیساتھ چل کر ہر کیڈٹ کی حرکت کا مشاہدہ کرتے رہتے ہیں۔ سفارتخانہ پاکستان کے ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور نے اردونیوز کو بتایا کہ پاکستانی ٹیم اس مقابلے میں پہلی بار شرکت کررہی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس سے قبل گزشتہ اکتوبر میں ویلز میں ہونے والے بین الاقوامی نارتھ کیمبرین پٹرول مقابلے میں بھی پاک آرمی نے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
 

شیئر: