Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوری اور”26 سالوں کی یادیں“

بالی وڈ کے شہنشاہ شاہ رخ خان نے ہندی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں 26 سال مکمل کرلئے جس پر ان کی اہلیہ گوری خان نے دل کو چھو لینے والی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ۔انہوں نے اس وڈیو کو”26 سالوں کی یادیں“ کا نام دیدیا۔شاہ رخ خان نے بھی وڈیو کو شیئر کیا، جس پر اداکار نے اپنے مداحوں کو شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ میرا یہ سفر آپ سب کے بغیر نامکمل ہے۔یہاں میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کی وجہ سے میں کتنا خوش ہوں۔6 منٹ دورانئے کی وڈیو میں شاہ رخ خان نے ڈرامائی انٹری کی جس کے بعد انہوں نے اپنے کریئر کے آغاز سے موجودہ دور تک کے سفر کو نہایت خوبصورتی سے بیان کیا۔شاہ رخ نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنے سفر کا آغاز ’فوجی‘ بن کر کیا تھاجس کے بعد انہوں نے ’دیوانہ‘ فلم میں کام کرکے لوگوں کی توجہ حاصل کی۔اداکار نے کہا کہ میں نے اس تیز سفر میں پیار، خوشی اور کبھی کبھی اداسی دیکھی۔ وڈیو میں شاہ رخ خان نے اپنے فلمی کریئر، زندگی اور بچوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری میں انہوں نے محبت، نفرت اور بعض اوقات اداسی کی رولر کوسٹر میں بہت کچھ سیکھا۔ آدھی زندگی بہت جلدی یعنی ایک ہی جھٹکے میں گزر گئی۔ شاہ رخ خان نے 1995 میں ریلیز ہونے والی اپنے کریئر کی کامیاب فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے کردار راج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ1995 میں راج کے کردار نے مجھے پیار کرنا سکھایا، جیسے وہ سب سے پیار کرتا تھا ۔ان کے مطابق وہ آج تک یہ بھی سمجھ نہیں پائے کہ شائقین انہیں زیادہ پسند کرتے ہیں یا پھر راج کو۔یاد رہے کہ 1999 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بادشاہ‘ کی کامیابی کے بعد شاہ رخ خان کو بالی وڈ کے بادشاہ کا خطاب دے دیا گیاتھا۔اس پر شاہ رخ نے کہا کہ وہ یہ تاج آج بھی بہت فخر سے اپنے سر پر پہنتے ہیں۔وڈیو کے دوران شاہ رخ نے اپنے تینوں بچوں کے اس دنیا میں آنے کے حوالے سے خوشی کا بھی اظہار کیا۔وڈیو کے آخر میں شاہ رخ خان نے اپنی آنے والی فلم ’زیرو‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’26 سال گزر گئے لیکن اب بھی ایسا لگتا ہے کہ ”پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست“ اس لئے شروع سے شروع کرتے ہیں زیرو سے‘۔خیال رہے کہ فلم ’زیرو‘ میں شاہ رخ خان پستہ قد یعنی بونے کا کردار ادا کررہے ہیں۔فلم ’زیرو‘ 21 دسمبر 2018 کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
 

شیئر: