Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک میں خوف کی فضا: عدلیہ بھی ذمے دار ہے‘ جسٹس شوکت

راولپنڈی:  جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ عدلیہ بھی ملک میں خوف و جبر کی فضا کی ذمے دار ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوف و جبر کی فضا کا نصف ذمے دار میں عدلیہ کو سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ باقی 50 فیصد دیگر ادروں پے ذمے داری عائد ہوتی ہے۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا موازنہ بھارت اور بنگلا دیش یا سری لنکا سے کیا جا سکتا ہے۔ بھارت ہم سے اس لیے آگے ہے کیونکہ وہاں کبھی مارشل لا نہیں لگا اور نہ ہی کبھی سیاسی عمل میں رکاوٹ آئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا ہے کہ ہماری مرضی سے فیصلے دیں گے تو آپ کو چیف جسٹس بنا دیں گے۔
؎جسٹس شوکت عزیز نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ، آج میڈیا والے بھی گھٹنے ٹیک چکے ہیں اور سچ نہیں بتا سکتے ، ان کی آزادی بندوق کی نوک پر سلب ہو چکی ہے ، جب بھی کوئی فیصلہ آتا ہے میرے خلاف مہم شروع کر دی جاتی ہے۔ میں نے اپنے بڑوں سے کہا کہ میرا ان کیمرہ نہیں بلکہ میڈیا کے سامنے کھلی سماعت میں احتساب کریں۔ میرا بہتر احتساب میری بار ہی کر سکتی ہے ، بار کے لوگ میرے گھر چلیں اگر کرپشن کے الزمات درست ہوں تو استعفا دینے کے لیے تیار ہوں۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے مزید کہا کہ وکلا جرائم میں کمی کی وجہ بنیں۔ جرائم میں اضافے کے سہولت کار نہ بنیں۔
 

شیئر: