Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن مہم میں 3 امیدواروں سمیت 185 افراد ہلاک ہوئے

کراچی: ملک میں کل ہونے والے عام انتخابات سے قبل انتخابی مہم کے دوران پرتشدد واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 185 ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق کل 13 ناخوشگوار واقعات میں جاں بہق ہونے والے افراد میں 3 انتخابی امیدوار بھی شامل ہیں۔ ان واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 350 بتائی گئی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران سب سے افسوسناک واقعہ 14 جولائی کو بلوچستان میں پیش آیا، جہاں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 35 میں مستونگ کے نواحی علاقے درین گڑھ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی کے انتخابی جلسے میں ہونے والے خودکش حملے میں اب تک 154 افراد جاں بحق جبکہ 200 زخمیوں میں سے بیشتر تاحال اسپتالوں میں داخل ہیں۔10 جولائی کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 78 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بشیر بلور کے انتخابی جلسے میں خودکش بم دھماکے میں ہارون بلور سمیت مجموعی طور پر 22 افراد جاں بحق جبکہ 65 زخمی ہوئے ۔22 جولائی کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے نوری دربار کے قریب انتخابی مہم کے دوران کلاچی سے پی کے 99 سے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار اور سابق صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کو خودکش حملے میں 2 ساتھیوں سمیت شہید کردیا گیا جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے ۔ اسی روز بنوں میں این اے 35 اور پی کے 90 سے متحدہ مجلس عمل کے اُمیدوار اکرم خان درانی پر بسیہ خیل میں قاتلانہ حملہ کیا گیا، تاہم گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ماضی قریب میں ان پر یہ چھٹا حملہ تھا جس میں وہ محفوظ رہے ۔ واضح رہے کہ 2013ءکی انتخابی مہم کے ایک ماہ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں، خودکش حملوں اور دہشت گردی کے 100 سے زائد بڑے واقعات میں 300 سے زائد شہری جاں بحق جبکہ 600 سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔
 
 

شیئر: