Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ، اسلام آباد میں پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی سخت

کراچی: ملک بھر میں جاری پولنگ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے قائم کئے گئے 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشنوں اور 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے تھے جہاں سیکورٹی کے لیے پولیس اور پاک فوج کے جوان بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشن حساس بھی قرار دیے جا چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستیں ہیں جن میں سے 129 پر انتخابی مقابلہ ہوگا۔ ایک امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لیے سندھ سے 872 امیدوار میدان میں اترے ہیں جبکہ سندھ اسمبلی کے لیے 2 ہزار 382 امیدوار نشست کے حصول میں کوشاں ہیں۔ صوبے بھر میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 599 پولیس اہل کار تعینات کیے گئے ہیں۔ سندھ کے بڑے شہر کراچی میں طے شدہ فارمولے کے تحت ہر پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج کے 4 اور رینجرز کے 2 جوان تعینات ہیں۔ سندھ پولیس کے افسران اور اہل کار تین درجوں میں پولنگ اسٹیشنز پر سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ 991 پولنگ اسٹیشنز پر ایک ہزار 982 افسران و جوان جبکہ حساس قرار دیے گئے 2 ہزار 716 پولنگ اسٹیشنز پر 10 ہزار 864 افسران اور اہل کار جبکہ انتہائی حساس قرار دیے گئے ایک ہزار 181 پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کے 9 ہزار 448 افسران و اہل کار ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق کراچی بھر کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 21 کرنل، 42 میجرز اور کیپٹن سمیت فوج کے 19 ہزار 552 جوان جبکہ 9 ہزار 776 رینجرز افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں 786 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 26 کو حساس ترین جب کہ 87 کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔ سیکورٹی کو موثر بنانے کے لیے 33 گاڑیاں اور 44 موٹرسائیکلز پٹرولنگ ڈیوٹی پرمتعین کی گئی ہیں۔ 45 کوئیک رسپانس ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں جو زونل کمانڈرز، سیکٹر کمانڈرز کے ساتھ اور اسٹینڈ بائی ہیں۔
 
 

شیئر: