Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہترین حج انتظامات پر سعودی حکومت مبارکباد کى مستحق ہے، طاہر محمود اشرفی

لاہور .... حج کے بہترین انتظامات پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں ، خادم حرمین شریفین کی سرپرستی اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں اس سال حج انتظامات بہت بہتر تھے ۔ حجاج کرام کی خدمت اور امن امان کی صورتحال میں بہتری کیلئے سعودی عرب کی وزارت داخلہ اور سلامتی کے اداروں کا کردار قابل فخر رہا ہے۔ پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمدطاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی طرف سے دنیا اسلام کی معتبر اور اہم ترین شخصیات کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانہ کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر پاکستان علماءکونسل سندھ کے صدر مولانا اسعد زکریا ، مولانا انوار الحق مجاہد ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا احسان احمد حسینی بھی موجود تھے ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ارض الحرمین الشریفین مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے اور سعودی عرب کی عوام اور حکومت حجاج کرام کی خدمت کو اپنے لیے فخر اور اعزاز سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بعض ممالک نے حج پر سیاست کی کوشش کی لیکن 23 لاکھ سے زائد حجاج کا سعودی عرب آنا ، حج اور عمرہ پر سیاست کرنے والوں کیلئے مسلم امہ کی طرف سے جواب ہے کہ مسلم امت حج اور عمرہ پر سیاست قبول نہیں کرے گی ، انہوں نے کہا کہ گذشتہ 87 برس سے آل سعودحجاج اور زائرین کی خدمت کر رہی ہے اور روز و شب حجاج اور زائرین کیلئے سہولتوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ حج کے انتظامات کی شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے خود نگرانی کرنا اور مملکت کے تمام شعبوں کی طرف سے حجاج کرام اور زائرین کیلئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرنا اس بات کو واضح کرتا ہے کہ سعودی عرب کی عوام اور حکومت ہی حجاج کرام کی خدمت کے اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ کو کھلا شہر قرار دینے کا مطالبہ کرنے والے قرآن و سنت کی تعلیمات سے ناواقف ہیں۔ 

شیئر: