Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لگتا ہے نواز شریف نے این آراو کرلیا،نثار کھوڑو

لاڑکانہ... پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ نواز شریف کی خاموشی سے لگتا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ این آر او کرلیا۔ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف این آر او کے باعث خاموش ہیں اسی لئے وہ وفاق میں حزب اختلاف کو متحد نہیں ہونے دے رہے۔نواز شریف اور عمران خان کی حکومت کے درمیان اس وقت این آر او ہوچکا تھا جب نواز شریف کو ضمانت ملی ۔ نواز شریف اور وزیراعظم عمران خان دونوں جھوٹے ہیں۔ این آر او نہ دینے کے دعوے کرنے والے عمران خان کی حکومت اب عوام کے سامنے ایکسپوز ہوچکی ہے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ سندھ گورنر راج نافذ کرنے کی باتوں سے کوئی ڈرنے وا لے نہیں۔ ایسی فضول باتیں نہ کریں۔ اگر انہیں ہمت ہے تو گورنر راج نافذ کرکے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب آزاد طریقے سے احتساب کرکے اور اس کی کارروائیوں میں انتقامی کاروائیوں کا تاثر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو جیلوں اور مقدمات سے ڈرایا نہیں جاسکتا۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے جیلوں اور سختیوں کو برداشت کیا ہے۔ جیلوں میں مچھر کے کاٹنے کا خوف پیپلز پارٹی کو نہیں بلکہ کسی اور کو ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20 روپے میں روٹی اور 20 روپے کا نان ہے۔ یہی ہے عمران خان کا نیا پاکستان۔ انہوں نے کہا کہ ملک چلانا عمران خان کے بس کی بات نہیں۔ان کی پالیسیوں نے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ۔ اگر وہ عوام کو مصیبت میں مبتلا کریں گے تو ایک دن وہ خود بھی مصیبت میں مبتلا ہونگے۔انہوںنے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو اب بھی یقین نہیں کہ وہ حکومت میں آچکے۔ پی ٹی آئی ملک کو ڈی چوک دھرنے کی طرح چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت تمام جلد سندھ میں بے روزگار نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دینے کا عمل شروع گی۔ پیپلز پارٹی کا مشن روزگار دینا جبکہ پی ٹی آئی حکومت کا مشن روزگار چھیننا ہے۔ 

شیئر: