Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسمی انفلوئنزا سے بچاؤ کیلئے آج سے گھر گھر ویکسین مہم کا آغاز

    ریاض- - -  - سعودی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ آج بدھ  سے موسمی انفلوئنزا سے بچاؤ کیلئے گھر گھر ویکسین مہم شروع کی جائے گی۔ 13نومبر منگل تک اس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ویکسین لگانے کیلئے وزارت صحت کی ٹیمیں ریاض ، جدہ ، دمام، مکہ مکرمہ ، قصیم ، جازان، حائل، تبوک، مدینہ منورہ، الجوف ، الاحسا، عسیر، الخبر، الظہران او رالقطیف شہروں اور کمشنریوں میں سرگرم ہوں گی۔ زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ "کریم"ایپلی کیشن کے ذریعے اسمارٹ موبائل پر بھی انفلوئنز ا سے بچاؤ کیلئے ویکسین سروس حاصل کی جا سکتی ہے۔ خاندان کے تمام افراد کو ویکسین دی جائے گی۔ روزانہ شام 4بجے سے رات 10بجے تک اس کا سلسلہ رکھا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے بہت ساری گاڑیاں مختص کر دی گئی ہیں۔ وزارت صحت نے ویکسین ، قومی مہم کا سلسلہ 14اکتوبر 2018ء کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزارت نے تمام افراد سے اپیل کی تھی کہ وہ ابتدائی طبی نگہداشت کے مراکز ، وزارت صحت کے ماتحت اسپتالوں اور تجارتی مراکز میں قائم کئے جانے والے ویکسین کاؤنٹر سے رجوع کر کے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ انفلوئنزا کی ویکسین کی بدولت 60فیصد تک بچاؤ ہو جاتا ہے۔ علاوہ ازیں علاج کیلئے اسپتال میں قیام کی زحمت سے بھی 80فیصد تک تحفظ مل جاتا ہے۔ انفلوئنزا سے زیادہ تر 5برس سے کم عمر بچے ، حاملہ خواتین،ذیابیطس، دمہ ، دل اور گردے کے امراض میں مبتلا افراد متاثر ہوتے ہیں۔ ہر سال موسم سرما کے شروع میں انفلوئنزا سے بچاؤ کی ویکسین دی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں:- - -  - -سافٹ بینک سے مملکت کو 22.5ارب ریال کا منافع

شیئر: