Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرف کو چوہدری نثار نے دبئی بھجوایا،پیپلزپارٹی

اسلام آباد ... پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق گورنر لطیف کھوسہ اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے جنرل سیکرٹری فرحت اﷲ بابر نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے لے کر بے نظیر بھٹو کے قتل اور آصف علی زرداری کے عدالتی ٹرائل سمیت دیگر معاملات میں پیپلز پارٹی کو عدالتوں سے انصاف نہیں ملا ۔جنرل مشرف کو چوہدری نثار نے دبئی بھجوایا۔بے نظیر قتل کیس میں تمام چیزیں ریکارڈ پر آنے کے باوجود ملزمان کو رہا کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔عدالتوں کا دہرا معیار نہیں ہونا چاہیے، سب کو ایک جیسا انصاف ملنا چاہیے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رہائی پانے والے ملزمان کے خلاف اور جنرل مشرف کی مفروری سے متعلق اپیلیں دائر کر رکھی ہیں جن پر سماعت کا آغاز نہیں ہو سکا۔ بے نظیر بھٹو نے پاکستان آمد سے پہلے اپنے بیان میں امریکی صحافی مارک سیگل کو خود یہ بتایا تھا کہ میرے لئے پاکستان میں مشرف حکومت کی طرف سے سیکیورٹی رسک پیدا کیا جا رہا ہے۔ مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار مشرف حکومت ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ درجنوں گواہوں کو کٹہرے میں لانے کے لئے 11 سال لگے مگر تاخیری حربے استعمال کرتے ہوئے مشرف کو اس وقت کے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے رات کی تاریکی میں دبئی فرار کروا دیا۔ چوہدری نثار نے اس سے اگلے دن پریس کانفرنس کرتے ہوئے بے تکی منطق پیش کی۔ ان کی یہ ذمہ داری تھی کہ پرویز مشرف کو فرار کرانے کی بجائے نام ای سی ایل میں شامل کرتے۔ 

شیئر: