Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”پاک ہند تعلقات سے برصغیر میں غربت کا خاتمہ“

نارووال: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کی زنجیریں توڑ کر آگے بڑھنا ہوگا، اس کے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مثال دی کہ فرانس اور جرمنی تعلقات بہتر کر سکتے ہیں تو پاک ، ہند روابط بھی بہتر کیے جا سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کرتارپور کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انسان چاند پر جا پہنچا ہے مگر ہم ابھی تک مسئلہ کشمیر حل نہیں کر سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ ہم سب کو آگے بڑھنا ہے، ارادہ پختہ ہو تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں غربت کے خاتمے کے لیے پاک ہند تعلقات اور باہمی تجارت کے راستے کھلنے چاہییں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہند کی قیادت ایک قدم آگے بڑھائے، ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے۔ قبل ازیں انہوں نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ہندوستانی پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو اور وفاقی وزرا سمیت دیگر سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور ہند دونوں ایٹمی ملک ہیں اور جوہری طاقتوں میں جنگ نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی جنگ کا سوچنا کسی پاگل پن سے کم نہیں۔
 
 

شیئر: