Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کو جیل بھیجنے کی پیش گوئی

ٹنڈو الٰہیار ...سابق صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ناتجربہ کاری کی وجہ سے چل نہیں سکے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلا وزیرا عظم عمران خان کو جیل بھیجے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹنڈو الٰہیار میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ عمران خان ناسمجھ ہیں۔ وہ ملک نہیں سنبھال سکتے
نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری کے میڈیا نمایندوں سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ انتخابات کے میدان میں اتاری گئی کٹھ پتلیوں سے ملک نہیں چلتا،حالات بہت سنگین ہو چکے ہیں۔ تاہم بدترین جمہوریت بھی بہترین آمریت سے بہتر ہوتی ہے۔ اسی لیے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں تاکہ کسی اور قوت کو یہ نظام لپیٹنے کا موقع نہ ملے اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کسی طرح نظام کو توڑ دیں۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں اور کہتے ہیں ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈالوں گا۔  آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم میں جیل جانے کی صبر و برداشت ہے لیکن کیا عمران خان خود جیل جانا برداشت کرسکتے ہیں؟ جیسی کرنی ویسی بھرنی۔ نواز شریف نے احتساب عدالتیں اور قانون میرے لیے بنائے تھے لیکن خود ان کے گلے پڑگئے اور آج وہ کٹہرے میں کھڑے ہیں۔ عمران خان آج اپوزیشن کو جیل بھیجیں گے لیکن آنے والا انہیں بھی جیل بھیجے گا۔
جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس سے متعلق سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ جب تک جان ہے یہ جنگ چلتی رہے گی۔ پہلے بھی مجھے قیدی بنایا گیا تھا اب بھی یہی ارادے ہیں۔ حکومت ہماری ہمت آزمائے، ہم ان کے ظلم آزمائیں گے۔
 

شیئر: