کراچی: شہر قائد میں دوڑنے والے چنگ چی رکشوں کا کرایہ مقرر کرنے کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے جبکہ کرایوں سے متعلق تجاویز پر مبنی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ سمری میں 6 کلومیٹر کے لیے 10 سے 15 روپے کرایہ مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ دوسری جانب غیر رجسٹرڈ شدہ چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کے دوران پکڑے گئے رکشوں کو بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چنگ چی رکشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 22 لاکھ روپے صوبائی حکومت کے خزانے میں جمع ہوئے۔ وزیرٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ چنگ چی رکشا رجسٹرڈ ہونے کہ بعد ان کو کرائے کی پرچی رکشہ پر آویزاں کرنی پڑے گی ار جو شخص رکشا رجسٹرڈ نہیں کروائے گا اس کی گاڑی ضبط کرنے کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔