Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران کا سپاہی ہوں ، عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی

پاکستان کے معروف گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا ہے کہ عمران خان کا سپاہی ہوں ، کسی چیز کی ہوس نہیں اور نہ ہی وزارتیں میرے لیے کوئی اہمیت رکھتی ہیں ۔تحریک انصاف کے لئے ترانہ بنایا جو آج بچے بچے کی زبان پر ہے ۔انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جب میں نے گانے کا آغاز کیا تو ہمارے علاقے میں گانے کا رواج نہیں تھا۔ میرے والد سخت مزاج تھے البتہ والدہ راضی تھیں ۔ میں نے بنیادی طورپر کسی سے گانا نہیں سیکھا اور نہ ہی کسی کو دیکھ کر مجھے گانے کا شوق پیدا ہوا بلکہ بچپن سے ہی گنگناتا تھا اور اسکول میں میرے اساتذہ مجھے قومی ترانہ پیش کرنے کے لئے کہتے تھے اور میں قومی ترانہ سنایا کرتا تھا ۔ مجھے گانے کی اے بی سی بھی نہیںآتی ، آج بھی سیکھ رہا ہوں ۔ حقیقی معنوں میں مجھے شہرت 1978ء میں ملی جب  میرا گانا ’’دل لگایا تھا دل لگی کے لئے، بن گیا روگ زندگی کے لئے ‘‘جاری ہوا۔میں نے ٹرک ڈرائیوری بھی کی۔ بڑی محنت سے موجودہ مقام تک پہنچا ہوں ۔عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میری عمران خان کے ساتھ 35برسوں سے وابستگی ہے ۔ ہمارے پاس لیڈر نہیں تھا جو اب عمران خان کی شکل میں مل گیا ہے ۔جب عمران خان نے اپنی سیاست کا آغاز کیا اور پی ٹی آئی کی بنیاد رکھی تو میں نے اپنی اہلیہ سے مشورہ کیا کہ انہوںنے مشورہ دیا کہ آپ ان کیلئے ترانہ بنائیں اور وہ اس قدر مقبول ہوا کہ آج بھی بچے بچے کی زبان پر ہے ۔انہوںنے کہا کہ نہ مجھے اور نہ عمران خان کو مال کی ہوس ہے ۔عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کلچر کی بحالی کی طرف توجہ دیں۔
 

شیئر: