Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نانا پاٹیکر کی آنے والے پانچ فلمیں جن کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے

لیجنڈ اداکار نانا پاٹیکر کی کئی فلمیں اب بھی ریلیز کی منتظر ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
لیجینڈ اداکار نانا پاٹیکر اگرچہ اب ہمارے درمیان نہیں رہے، لیکن سنیما میں اُن کا کام اُن کی ایسی فلموں کے ذریعے اب بھی ناظرین تک پہنچتا رہے گا جو فی الحال ریلیز نہیں ہوئیں۔ اداکار 8 اکتوبر کو75  برس کی عمر میں انڈین ریاست گوا میں واقع اپنے گھر پر انتقال کر گئے۔ تاہم، ان کے کئی منصوبے سرِدست بڑے پردے پر آنے کے منتظر ہیں، اور اُن کے مداحوں کو اب آخری بار انہیں مختلف کرداروں میں دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔
نانا پاٹیکر کی آنے والی فلمیں: ’ایتھا‘ سے ’شکتی شالنی‘ تک
اپنی جاندار اداکاری اور پردۂ سیمیں پر مؤثر موجودگی کے لیے مشہور نانا پاٹیکر نے اپنے کیریئر کے دوران مختلف اصناف کی فلموں میں کام کیا۔ اُن کی آنے والی فلموں میں ہارر کامیڈی، سوانحی ڈراما، کرائم تھرلر اور رومانوی کامیڈی شامل ہیں۔ اِن میں سے بعض فلموں کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان کیا جا چکا ہے، جب کہ دیگر فلموں کی سینما گھروں میں نمائش کے حوالے سے تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
میڈاک فلمز کی فلم ’شکتی شالنی‘ سے لے کر ’دی کنفیشن آف میری‘ اور ’ایتھا‘ تک، زیرِنظر مضمون میں آنجہانی اداکار نانا پاٹیکر کی اُن پانچ فلموں کی تفصیل پیشِ خدمت ہے جو ابھی تک ناظرین کو پردۂ سیمیں پر دیکھنے کو نہیں ملیں۔
شکتی شالنی
ہدایت کار: آدتیہ سرپوتدار
متوقع ریلیز: مارچ 2027
اداکار: انیت پڈا، وشال جیٹھوا، نانا پاٹیکر، وینیت کمار سنگھ، سیما بسواس اور سوہم مجمدار۔
’شکتی شالنی‘ نانا پاٹیکر کی اُن فلموں میں سے ایک ہے جن کے حوالے سے سب سے زیادہ گفتگو ہو رہی ہے اور جو ابھی ریلیز نہیں ہوئیں۔ آدتیہ سرپوتدار کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم میڈاک فلمز کی ہارر کامیڈی فلموں کی سیریز کا حصہ ہے۔ توقع ہے کہ یہ مارچ 2027 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

’شکتی شالنی‘ نانا پاٹیکر کی اُن فلموں میں سے ایک ہے جو اُن کے مداحوں میں سب سے زیادہ زیرِبحث ہیں (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)

فلم کی کہانی شکتی نامی ایک عام عورت کے گرد گھومتی ہے، جو شالنی نامی ایک روح کی محافظ بن جاتی ہے۔ شالنی انتقام لینے کی خواہش رکھتی ہے۔ فلم میں خوف اور مزاح کو یکجا کرتے ہوئے مافوق الفطرت واقعات کو کہانی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انیت پڈا اور وشال جیٹھوا فلم کے مرکزی اداکاروں میں شامل ہیں، جب کہ وینیت کمار سنگھ، سیما بسواس اور سوہم مجمدار بھی فلم میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔
نانا پاٹیکر کے کردار کی تفصیلات تاحال مکمل طور پر سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم، اطلاعات کے مطابق وہ فلم میں ایک ایسے شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں جو علمِ غیب اور مافوق الفطرت قوتوں سے متعلق عملیات کرتا ہے۔
اداکار فلم میں اپنے حصے کی شوٹنگ مکمل کر چکے تھے۔ ہدایت کار آدتیہ سرپوتدار کا بھی یہ کہنا ہے کہ نانا پاٹیکر فلم کا حتمی ایڈیٹ شدہ ورژن دیکھنا چاہتے تھے اور ڈبنگ کے لیے واپس آنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
اس فلم کی ریلیز پہلے رواں برس 24 دسمبر کو متوقع تھی، لیکن بعد میں اس کی تاریخ تبدیل کرکے مارچ 2027 کر دی گئی۔
ایتھا
ہدایت کار: لکشمن اُتیکر
ریلیز کی تاریخ: 4 دسمبر 2026
اداکار: شردھا کپور، رندیپ ہُڈا، محمد ذیشان ایوب، اُلکا گپتا، اننت جوشی، نانا پاٹیکر، سدھارتھ جادھو اور اکشرا سنگھ۔
’ایتھا‘ لکشمن اُتیکر کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک سوانحی ڈراما فلم ہے۔ یہ فلم مہاراشٹر کی معروف لوک فنکارہ وتھابائی نارائن گاؤںکر کی زندگی سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔ وتھابائی نے تماشا اور لاوَنی کے فنون میں اپنی نمایاں شناخت قائم کی تھی۔ یہ دونوں مہاراشٹر میں مقبول علاقائی اور روایتی فنونِ لطیفہ کی اصناف ہیں۔ فلم کے ذریعے مہاراشٹر کی ثقافتی تاریخ کے ایک اہم باب کو بھی بڑے پردے پر پیش کیا جائے گا۔

یہ فلم مہاراشٹر کی معروف لوک فنکارہ وتھابائی نارائن گاؤنکر کی زندگی سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے (فوٹو: بالی وڈ ببل)

فلم میں مرکزی کردار شردھا کپور ادا کر رہی ہیں، جب کہ رندیپ ہُڈا، محمد ذیشان ایوب، اُلکا گپتا، اننت جوشی اور نانا پاٹیکر بھی اس کی کاسٹ میں شامل ہیں۔ سدھارتھ جادھو اور اکشرا سنگھ بھی فلم میں نظر آئیں گے۔ نانا پاٹیکر کے کردار کی تفصیلات تاحال عوامی سطح پر سامنے نہیں لائی گئیں۔
فلم کی کہانی ایک ایسی عورت کی زندگی اور جدوجہد پر مرکوز ہے جس نے مہاراشٹر کی لوک فنون کی روایت میں ایک اہم مقام حاصل کیا۔ اُس کی داستان کے ذریعے فلم میں فن کی اِس صنف کے لیے اُس کی خدمات اور ایک فنکارہ کی حیثیت سے اُس کے سفر کو اُجاگر کیا جائے گا۔
فلم کی سینما گھروں میں نمائش 4 دسمبر 2026 کو شیڈول ہے۔
دی کنفیشن آف میری
ہدایت کار: اننت نارائن مہادیون
ریلیز کی تاریخ: 4 دسمبر 2026
اداکار: نانا پاٹیکر، نیہا مہاجن، عادل حسین، آشیش ودیارتھی، سوچترا پلئی، گوتم روڈے اور ڈینزل سمتھ۔
’دی کنفیشن آف میری‘ کی کہانی فادر بینیڈکٹ کے گرد گھومتی ہے، اور یہ کردار نانا پاٹیکر ادا کر رہے ہیں۔ فادر بینیڈکٹ ایک کیتھولک پادری ہے جس پر ایک خاتون کے قتل کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔ اننت نارائن مہادیون کی ہدایت کاری میں بننے والا یہ کرائم ڈراما فلم کیرالہ میں 1966 میں پیش آنے والے ’مڈاتھارووی مرڈر کیس‘ سے متاثر ہے۔

’دی کنفیشن آف میری‘ کی کہانی فادر بینیڈکٹ کے گرد گھومتی ہے، اور یہ کردار نانا پاٹیکر ادا کر رہے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)

اس حقیقی واقعے میں ماریہ کٹی نامی خاتون کو قتل کر دیا گیا تھا اور اِس قتل کے الزام میں ایک پادری کو نامزد کیا گیا تھا۔ فلم میں اس واقعے کو پردۂ سیمیں پر پیش کیا گیا ہے اور توجہ جرم کے گرد پیش آنے والے واقعات اور عائد کیے گئے الزام سے جنم لینے والے سوالات پر مرکوز رکھی گئی ہے۔ فلم میں ایمان، انصاف اور کسی شخص پر سنگین الزام عائد کیے جانے کے اُس کی زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔
اس فلم کو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ فلم کے شریک پروڈیوسر سبھاش کالے نے یہ انکشاف کیا ہے کہ نانا پاٹیکر اپنی وفات سے کچھ عرصہ قبل ڈبنگ کے لیے ایک مکالمے کی ریکارڈنگ کرنے ممبئی واپس آنے والے تھے۔
کوکو کی کنڈلی
ہدایت کار: شرن شرما
ریلیز کی تاریخ: تاحال اعلان نہیں کیا گیا
اداکار: بھوون بام، وامیکا گبی، نانا پاٹیکر، منوج پاہوا، وجے راز، روہت سراف اور دِویا دتا۔
’کوکو کی کنڈلی‘ شرن شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے۔ اس میں بھوون بام اور وامیکا گبی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جب کہ نانا پاٹیکر، منوج پاہوا، وجے راز، روہت سراف اور دِویا دتا بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔

’کوکو کی کنڈلی‘ شرن شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)

اطلاعات کے مطابق فلم کی کہانی ایک ایسے جوڑے کے گرد گھومتی ہے جس کے رشتے کو ان کی کنڈلیوں کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دونوں کے زائچے اِن کے درمیان اختلافات کا سبب بن جاتے ہیں، جس سے نہ صرف جوڑے بلکہ ان کے خاندانوں کے لیے بھی پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں۔
فلم رشتوں، خاندانوں کی توقعات اور ذاتی فیصلوں میں علمِ نجوم کے کردار جیسے موضوعات کا احاطہ کرتی ہے۔ اِس کی ہلکی پھلکی اور مزاحیہ کہانی اسے نانا پاٹیکر کی آنے والی فلموں کی فہرست میں شامل کرائم ڈراما اور ہارر کامیڈی فلموں سے الگ کرتی ہے۔
تاہم، فلم ساز سرِدست نانا پاٹیکر کے کردار کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں لائے۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان ابھی ہونا باقی ہے۔
ویدانتا
ہدایت کار: راجیشور پانڈے راج
ریلیز کی تاریخ: تاحال اعلان نہیں کیا گیا
اداکار: نانا پاٹیکر، وکرانت میسی، سندیپا دھر اور مکیش تیواری۔
راجیشور پانڈے راج کی ہدایت کاری میں بننے والی ’ویدانتا‘ بھی نانا پاٹیکر کی ان فلموں میں شامل ہے جو ریلیز کی منتظر ہیں۔ اِس فلم میں نانا پاٹیکر کے ساتھ وکرانت میسی، سندیپا دھر اور مکیش تیواری بھی اداکاری کر رہے ہیں۔

’ویدانتا‘ کے بارے میں اب تک بہت کم معلومات منظرِعام پر آئی ہیں (فوٹو: آئی اے این ایس)

نانا پاٹیکر کی ریلیز ہونے والی دیگر فلموں کے برعکس ’ویدانتا‘کے بارے میں بہت کم معلومات منظرِ عام پر آئی ہیں۔ فلم کی کہانی، مرکزی اداکاروں کے کرداروں اور اس کی ریلیز کے شیڈول سے متعلق تفصیلات ابھی سامنے آنا باقی ہیں۔
یہ فلم نانا پاٹیکر کی باقی فلموں کی نسبت کم معروف منصوبوں میں سے ایک ہے۔ توقع ہے کہ فلم سازوں کی جانب سے مزید معلومات سامنے آنے کے بعد اِس کی کہانی اور فلم میں نانا پاٹیکر کے کردار کے بارے میں تصویر زیادہ واضح ہوگی۔

شیئر: