Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نانا پاٹیکر کی 10 یادگار فلمیں جو انہیں لیجنڈ بناتی ہیں

انڈین اداکار نانا پاٹیکر 8 اکتوبر 2026 کو 75 برس کی عمر میں گووا میں انتقال کر گئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین اداکار نانا پاٹیکر 8 اکتوبر 2026 کو 75 برس کی عمر میں گووا میں انتقال کر گئے۔ رپورٹس کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔
بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار نے قریباً پانچ دہائیوں پر محیط فلمی کیریئر میں ایسے کردار ادا کیے جو ان کی منفرد آواز، مکالموں کی ادائیگی اور جذباتی اداکاری کے باعث شائقین کے ذہنوں میں نقش ہو گئے۔
ان کی نمایاں فلموں میں ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’نٹ سمرٹ‘ شامل ہیں، جبکہ ’ویلکم‘ میں ان کا اودے شیٹی کا کردار ان کی کامیڈی اداکاری کی پہچان بن گیا۔
انہوں نے ولن، پولیس افسر، فوجی، سیاست دان، باپ اور عام آدمی سمیت مختلف کردار نبھائے جبکہ کامیڈی میں بھی اپنی اداکاری سے الگ شناخت بنائی۔
نانا پاٹیکر نے ہندی اور مراٹھی سنیما میں کئی یادگار فلمیں دیں اور تین مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
یہاں نانا پاٹیکر کی 10 ایسی فلمیں ہیں جنہوں نے ان کے فلمی کیریئر پر گہرا اثر چھوڑا۔

1۔ پرندہ — 1989

ودھو ونود چوپڑا کی فلم ’پرندہ‘ ممبئی کے جرائم کی دنیا کے پس منظر میں بنائی گئی تھی۔
فلم میں دو بھائیوں کی زندگی جرائم کی دنیا سے جُڑ جاتی ہے اور انہیں تشدد، خوف اور مافیا کے درمیان زندگی گزارنا پڑتی ہے۔
نانا پاٹیکر نے فلم میں ’انا سیٹھ‘ نامی خطرناک انڈرورلڈ ڈان کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے اس کردار کو محض ایک روایتی ولن کے بجائے ایک پیچیدہ اور خوفناک انسان کے طور پر پیش کیا، جس سے ان کی اداکاری کو خاص پذیرائی ملی اور انہیں بہترین معاون اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا۔

’کرانتی ویر‘ میں نانا پاٹیکر نے ’پرتاپ نارائن تلک‘ کا کردار ادا کیا تھا (فائل فوٹو: روئٹرز)

2۔ کرانتی ویر — 1994

’کرانتی ویر‘ میں نانا پاٹیکر نے ’پرتاپ نارائن تلک‘ کا کردار ادا کیا، جو معاشرے میں پھیلی بدعنوانی اور ناانصافی سے شدید ناراض شخص ہے۔
فلم میں ایک ایسے عام آدمی کے سفر کو دکھایا گیا ہے جو حالات سے مایوس ہونے کے باوجود آخرکار ظلم اور بدعنوانی کے خلاف کھڑا ہوتا ہے۔
نانا پاٹیکر کے جذباتی اور جارحانہ انداز نے کردار کو فلم کا مرکزی نقطہ بنا دیا اور انہیں بہترین اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ ملا۔

3۔ اگنی ساکشی — 1996

’اگنی ساکشی‘ میں نانا پاٹیکر نے ’سورج کپور‘ کا کردار ادا کیا، جو اپنی اہلیہ کے ساتھ انتہائی جنونی اور تشدد پسند رویہ اختیار کرتا ہے۔
فلم کی کہانی ایک ایسی عورت کے گرد گھومتی ہے جو اپنے ماضی سے فرار حاصل کرکے نئی زندگی شروع کرنا چاہتی ہے، لیکن اس کا ماضی دوبارہ اس کے سامنے آجاتا ہے۔
نانا پاٹیکر نے کردار کی جنونیت اور خطرناک رویے کو اس شدت سے پیش کیا کہ فلم کا ولن ناظرین کے لیے خوف کی علامت بن گیا۔
اس کردار پر انہیں بہترین معاون اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا۔

’اب تک چھپن‘ ممبئی پولیس کے انکاؤنٹر سکواڈ کے پس منظر میں بنائی گئی کرائم ڈراما فلم ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

4۔ اب تک چھپن — 2004

’اب تک چھپن‘ ممبئی پولیس کے انکاؤنٹر سکواڈ کے پس منظر میں بنائی گئی کرائم ڈرامہ فلم ہے۔
نانا پاٹیکر نے ’سادھو آگاشے‘ نامی پولیس افسر کا کردار ادا کیا جو 56 افراد کو پولیس مقابلوں میں ہلاک کرنے کے باعث مشہور ہے۔
فلم میں جرم کے خلاف پولیس کارروائی کے ساتھ ساتھ ایک ایسے افسر کی ذہنی اور جذباتی کیفیت دکھائی گئی ہے جو مسلسل تشدد کا سامنا کرتے کرتے خود بھی اس کے اثرات کا شکار ہو جاتا ہے۔

 5۔ پراہار: دی فائنل اٹیک — 1991

’پراہار‘ نانا پاٹیکر کے لیے اس لیے بھی خاص ہے کہ انہوں نے اس فلم میں اداکاری کے ساتھ ہدایت کاری اور سکرپٹ رائٹنگ بھی کی۔
فلم میں انہوں نے ’میجر چوہان‘ کا کردار ادا کیا، جو اپنے فوجیوں کو سخت نظم و ضبط کے تحت تربیت دیتا ہے۔
کہانی میں ایک فوجی کی زندگی، تشدد اور معاشرے میں جرائم کے خلاف جدوجہد کو موضوع بنایا گیا ہے۔ نانا پاٹیکر نے میجر کے کردار میں سختی کے ساتھ جذباتی پہلو بھی نمایاں کیے۔

’ویلکم‘ میں نانا پاٹیکر نے ’اودے شیٹی‘ نامی انڈرورلڈ ڈان کا کردار ادا کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

6۔ خاموشی: دی میوزیکل — 1996

سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’خاموشی: دی میوزیکل‘ میں نانا پاٹیکر نے ’جوزف‘ کا کردار ادا کیا، جو ایک گونگا اور بہرا باپ ہے۔
فلم ایک ایسے خاندان کی کہانی ہے جہاں والدین اپنی بیٹی کی زندگی اور مستقبل کے حوالے سے فکرمند ہیں۔
نانا پاٹیکر نے اس کردار میں بلند آواز مکالموں کے بجائے اشاروں، چہروں کے تاثرات اور خاموشی کے ذریعے جذبات کا اظہار کیا، جس سے ان کی اداکاری کا ایک بالکل مختلف پہلو سامنے آیا۔

7۔ ویلکم — 2007

’ویلکم‘ میں نانا پاٹیکر نے ’اودے شیٹی‘ نامی انڈرورلڈ ڈان کا کردار ادا کیا جو جرائم کی دنیا سے تعلق رکھنے کے باوجود اپنی بہن کے لیے ایک اچھا اور شریف شوہر تلاش کرنا چاہتا ہے۔
فلم کی کہانی اسی کوشش کے دوران پیدا ہونے والی مزاحیہ صورت حال کے گرد گھومتی ہے۔
فلم میں نانا پاٹیکر نے اودے شیٹی کے کردار کو انتہائی سنجیدگی سے ادا کیا، جبکہ حالات کی مزاحمت اور ان کا مخصوص اندازِ گفتگو فلم کی کامیڈی کا اہم حصہ بن گیا۔
اس فلم میں کردار ان کے مقبول ترین کرداروں میں شمار ہوتا ہے۔

’راج نیتی‘ میں نانا پاٹیکر نے ’برج گوپال‘ کا کردار ادا کیا جو ایک تجربہ کار سیاسی حکمت عملی ساز ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

8۔ اپہارن — 2005

پرکاش جھا کی فلم ’اپہارن‘ میں نانا پاٹیکر نے ’تبریز عالم‘ کا کردار ادا کیا جو اغوا کی وارداتوں اور سیاست کے درمیان طاقتور حیثیت رکھتا ہے۔
فلم میں ایک نوجوان کے اغوا کی دنیا میں داخل ہونے اور اس کے بعد جرائم، سیاست اور طاقت کے پیچیدہ تعلقات کو دکھایا گیا ہے۔
نانا پاٹیکر کا کردار اس پوری دنیا میں طاقت اور اثر و رسوخ رکھنے والے شخص کے طور پر سامنے آتا ہے، جسے انہوں نے انتہائی پرسکون مگر پراثر انداز میں ادا کیا۔
اس کردار پر انہیں فلم فیئر کا بہترین ولن کا ایوارڈ بھی ملا۔

9۔ راج نیتی — 2010

’راج نیتی‘ میں نانا پاٹیکر نے ’برج گوپال‘ کا کردار ادا کیا جو ایک تجربہ کار سیاسی حکمت عملی ساز ہے۔
فلم ایک طاقتور سیاسی خاندان کے درمیان اقتدار کی جنگ دکھاتی ہے اور اس میں بھارتی سیاست کو مہابھارت کے کرداروں اور حالات سے بھی جوڑا گیا ہے۔
نانا پاٹیکر کا کردار براہِ راست اقتدار میں نظر آنے کے بجائے پس پردہ رہ کر سیاسی فیصلوں اور چالوں پر اثرانداز ہوتا ہے۔

مراٹھی فلم ’نٹ سمرٹ‘ میں نانا پاٹیکر نے ریٹائرڈ تھیٹر اداکار ’گنپت راؤ بیلوالکر‘ کا کردار ادا کیا۔(فوٹو:اے ایف پی)

10۔ نٹ سمرٹ — 2016

مراٹھی فلم ’نٹ سمرٹ‘ میں نانا پاٹیکر نے ریٹائرڈ تھیٹر اداکار ’گنپت راؤ بیلوالکر‘ کا کردار ادا کیا۔
کہانی ایک ایسے مشہور تھیٹر اداکار کی ہے جو پوری زندگی سٹیج پر داد وصول کر اور بدلتے رشتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
نانا پاٹیکر نے اس کردار میں ایک ایسے شخص کے جذبات پیش کیے جو کبھی سٹیج کا بادشاہ تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اپنی ہی زندگی میں اجنبی محسوس کرنے لگتا ہے۔
فلم کو ان کی زندگی کے سب سے جذباتی اور مشکل کرداروں میں شمار کیا جاتا ہے اور اس کردار پر انہیں فلم فیئر مراٹھی ایوارڈ بھی ملا۔
نانا پاٹیکر کے ان کرداروں سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی اداکاری صرف ایک مخصوص قسم کے کردار تک محدود نہیں تھی۔
’پرندہ‘ کے خطرناک ڈان سے ’اب تک چھپن‘ کے سخت پولیس افسر، ’ویلکم‘ کے مزاحیہ اودے شیٹی اور ’نٹ سمرٹ‘ کے عمر رسیدہ تھیٹر اداکار تک انہوں نے مختلف کرداروں میں اپنی الگ شناخت قائم کی۔

شیئر: