Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یکطرفہ سیاسی احتساب قبول نہیں،پیپلزپارٹی

  لاڑکانہ ...پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نے کرپشن کے نام پر یکطرفہ سیاسی احتساب کو یکسرد کرتے ہوئے کہاہے کہ صرف اپوزیشن کے ارکان کو احتساب کے نام پرجیل میں ڈالا جا رہا ہے۔اگر احتساب کے نام پر پارٹی اور اپوزیشن قیادت کو ہراساں کرنے کی مہم جاری رکھی گئی تو حکومت نتائج کی خود ذمہ دار ہوگی ۔تمام افراد جو عوام کے ٹیکس سے تنخواہ وصول کرتے ہیں۔ ان کو یکساں قانون کے تحت احتساب کے دائرے میں لانے کےلئے قانون سازی کی جائے۔فوجی عدالتوں کی دوسری مدت کے خاتمے کے بعد ان کے قیام میں توسیع ہرگز نہیں کی جائے گی۔ نوڈیرو ہاوس گڑ ھی خدابخش میں پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور فیڈرل کونسل کا مشترکہ اجلاس ہوا جس کی صدارت چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز آصف علی زرداری نے مشترکہ طور پر کی۔جاری بیان میں کہاگیاکہ اجلاس ملک میں کرپشن کے نام پر یکطرفہ سیاسی احتساب کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ حکومتی اراکین اور خود وزیراعظم کے اپنے خاندان کے افراد کو واضح ثبوت موجود ہونے کے باوجود احتساب نہیں کیا جا رہا۔اجلاس نے خبردار کیا کہ اگر احتساب کے نام پر پارٹی اور اپوزیشن قیادت کو ہراساں کرنے کی مہم جاری رکھی گئی تو حکومت اس کے نتائج کی خود ذمہ دار ہوگی۔اجلاس نے نیشنل ایکشن پلان کے کئی پہلوﺅں پر کوئی عملدرآمد نہ کرنے، دہشتگرد تنظیموں کومین ا سٹریم کرنے کی پس پردہ کوششوں اور دہشتگردوں سے لڑنے کی بجائے ان کو خوش رکھنے کی پالیسی پر تشویش کا اظہار کیا اور اسے ملک کی بقا اور سلامتی کے لئے انتہائی خطرناک قرار دیا۔

شیئر: