Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے ہندوستانی اور بنگلادیشی الزام مسترد کردیے

اسلام آباد:  دفتر خارجہ کی جانب سے ہند کے سفارتی عملے کو ہراساں کرنے کے الزامات مسترد کردیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں ہند کے سفارتی عملے کو ہراساں کرنے اور بنگلادیش کے انتخابات میں مداخلت سے متعلق الزامات مسترد کردیے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہند کی فوج کی تازہ جارحیت کے نتیجے میں 6 شہری شہید ہوئے اور رواں سال 500 سے زائد شہادتیں ہوئیں۔ ہمارا سب زور اسی بات پر ہے کہ مسئلے کا حل نکالا جائے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری ہند کی افواج کے ظلم و ستم کا نوٹس لے۔ 5 فروری کو پاکستان برطانیہ میں کشمیر کانفرنس اورریلی کا انعقاد کررہا ہے جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خصوصی شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہند کے سفارتی عملے کو اسلام آباد میں ہراساں کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔  پاکستان ویانا کنونشن کا احترام کرتا ہے ، پاکستان میں بھارتی سفارت کار پوری آزادی سے کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل نے بنگلادیش میں انتخابات میں مداخلت کے الزامات بھی مسترد کردیے ۔
 

شیئر: