بالی ووڈ کی کم بجٹ کی فلمیں 2018ءمیں زیادہ ہٹ رہیں

ممبئی: سال 2018 میں ریلیز ہونے والی کم بجٹ کی فلمیں زیادہ ہٹ رہیں جبکہ بالی ووڈ پر حکمرانی کرنے والے شاہ رخ  خان ، سلمان خان اور عامر خان کے لیے یہ سال اچھا ثابت نہیں ہوا ۔ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے اپنی فلم ’ریس3‘کے ساتھ سینما پر دبنگ انٹری دی لیکن شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہے۔ فلم’ریس3‘ کا بجٹ تقریباً 150 کروڑ تھا اور فلم نے بجٹ پورا بھی کیا لیکن ’ریس3‘کو شائقین نے پسند نہیںکیا بلکہ تجزیہ نگاروں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنی۔مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان نے بھی اس سال بڑے بجٹ کی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ سے ہندی سینما میں تاریخ رقم کرنے کی کوشش کی لیکن حیرت انگیز طور پر ان کے مداحوں کو یہ کوشش اچھی نہیں لگی اور یہ باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوگئی۔ فلم کا بجٹ تقریباً 325 کروڑ تھا لیکن 150 کروڑ کی کمائی کی۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی فلم’زیرو‘کے ساتھ آئے لیکن 200 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم ریلیز کے ایک ہفتے بعد بھی 100 کروڑ کلب میں شامل نہ ہوسکی لہٰذا سال 2018 میں بالی ووڈکے یہ ہیروز شائقین کو متاثر نہیں کر سکے۔دوسری جانب کم بجٹ سے والی فلمیں حیرت انگیز طور پر باکس آفس پر شاندار بزنس کرنے میں کامیاب رہیں اوران فلموں کو شائقین اورتجزیہ نگاروں نے بھی بے حد سراہا ۔24 کروڑ کے کم بجٹ سے بننے والی فلم’استری‘کو شائقین کی جانب سے زبردست ردعمل ملا ،راجکمار راو اور شردھا کپور کی فلم نے تقریباً 124 کروڑ کا بزنس کیا اور سپرہٹ قرارپائی۔ 30 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم’سونو کی ٹیٹو کی سوئٹی‘ اسٹار کاسٹ نہ ہونے کے باوجود شائقین کو سینما تک لانے میں کامیاب ہوگئی۔ فلم نے 148 کروڑ کا بزنس کیا۔ اداکار آیوشمان کھرانا 2 کامیاب فلموں کے ساتھ شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے۔ 30 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم’اندھا دھن‘میں ان کے ساتھ اداکارہ تبو تھیں، فلم نے 100 کروڑ سے زیادہ کمائے جبکہ ان کی دوسری فلم’بدھائی ہو‘کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا 29 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم نے 135 کروڑ کا بزنس کرکے سب کو حیران کردیا۔

شیئر: