Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احتساب اداروں کا اختیارات سے تجاوز روکنے کے اقدامات

اسلام آباد:  قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت قانون کے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ احتساب اداروں کو اختیارات سے تجاوز سے روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس ریاض فتیانہ کی صدارت میں ہوا جس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، رانا ثنا اللہ، نوید قمر اور نفیسہ شاہ نے شرکت کی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت قانون و انصاف کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ احتساب قوانین میں ترامیم سے متعلق 4 اجلاس منعقد کیے جا چکے ہیں۔  قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناللہ نے پوچھا کہ قانون میں ترمیم کا مسودہ تیار کرنے میں کتنا وقت لگے گا؟، جس پر وزارت قانون کے حکام نے جواب دیا کہ ایک سے دو ماہ لگ سکتے ہیں۔ رانا ثناللہ نے کہا کہ آپ لوگ ڈیڑھ ماہ لے لیں مگر 3 ماہ نہیں لگنے چاہییں۔ رانا ثنااللہ کے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع سے متعلق سوال پر حکام کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کی توسیع وزارت داخلہ کا معاملہ ہے اور وزارت قانون میں اس حوالے سے کوئی تجویز نہیں آئی۔
 

شیئر: