Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومتی اتحاد میں اختلافات

لاہور: تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ق لیگ کے تحفظات دور کرنے میں ناکامی کے بعد اب معاملات لے کر وزیر اعظم عمران خان کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی گزشتہ شب ملاقات کی اندرونی کہانی میں انکشاف ہوا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے عثمان بزدار سے شکایت کی کہ پی ٹی آئی قیادت سے جو معاملات طے ہوئے تھے، ان پر عمل نہیں کیا جا رہا ساتھ ہی مرکز اور پنجاب میں ق لیگ کو 2، 2 وزارتیں ملنے پر بھی اتفاق ہوا تھا اور یہ وعدہ بھی تاحال پورا نہیں ہوا۔ دوران ملاقات وزیر اعلیٰ پنجاب نے معاملات سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیرا عظم سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ پرویز الٰہی نے عثمان بزدار سے کہا کہ آپ کے والد سے میرے ذاتی تعلقات تھے، پھر بھی معاملات ٹھیک نہیں چل رہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے ق لیگ میں فارورڈ بلاک بنانے کے بیان پر چوہدری مونس الٰہی نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی سے اتحاد ختم بھی ہوسکتا ہے۔
 

شیئر: