Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواجہ سعد اور سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

لاہور:  ن لیگ کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں احتساب عدالت نے مزید 7 دن کی توسیع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم کے ذریعے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار ن لیگی رہنما خواجہ سعد اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو سخت سیکورٹی میں عدالت لایا گیا۔ اس موقع پر عدالت کے باہر پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے اپنے رہنماؤں کے حق میں نعرے بازی کی۔
احتساب عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران نیب کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ خواجہ برادران کے وکیل نے نیب کے موقف کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک تفتیش میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ پیراگون سے خواجہ برادران کا کوئی تعلق نہیں لہٰذا جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔ خواجہ برادران کے وکیل نے موقف اپنایا کہ نیب کے پاس خواجہ سعد کا کوئی اکاؤنٹ نہیں جس کی تفتیش کرنی ہو۔ پیراگون سمیت جو بھی لین دین ہوا، اس کا ریکارڈ موجود ہے ۔ بعد ازاں عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد نیب کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنا دیا گیا جس کے مطابق جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کی گئی ہے۔

شیئر: