نواز شریف کی درخواستوں پر نیب سے جواب طلب

اسلام آباد:  اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں اپیل اور نیب کی جانب سے دی گئی سزا معطل کرنے کی سابق وزیرا عظم نواز شریف کی جانب سے دی گئی درخواست پر قومی احتساب بیورو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سزا معطل کرنے اور اپیل کی 2 علاحدہ درخواستوں پر  سماعت کی، اس موقع پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اثاثوں کے اصل مالک نہیں، اس کے باوجود انہیں سزا سنائی گئی، جبکہ احتساب عدالت نے فیصلہ جے آئی ٹی رپورٹ کی بنیاد پر سنایا ہے۔ چونکہ اپیل پر سماعت تو دیر سے مقرر ہوتی ہے، لہٰذا پہلے سزا معطلی کی درخواست سنی جائے، جس پر عدالت نے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت کہا کہ ریکارڈ آنے دیں پھر اس معاملے کو دیکھیں گے۔  فی الحال اپیل اور سزا معطلی کی درخواست کو الگ نہیں کر رہے ، ضرورت محسوس ہوئی تو اپیل اور سزا معطلی کی درخواست الگ کر دیں گے ۔ عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پر نیب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو 7 سال قید کا حکم دیا تھا۔
مزید پڑھیں:-  - - - -سندھ اور وفاق میں محاذ آرائی بڑھ گئی

شیئر: