Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت کی سستے پیٹرول کی سکیم، کون کون فائدہ اٹھا سکے گا؟

پاکستان میں مسلسل کئی دنوں سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھ رہی ہے: فائل فوٹو اے ایف پی
وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث ملک میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ریلیف سکیم کا اعلان کیا ہے۔
اتوار کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم کرنے کے لیے خصوصی ریلیف سکیم شروع کی جا رہی ہے۔
سکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت ملے گی۔
وزیراعظم کے بیان کے مطابق اسلام آباد میں سکیم کا اطلاق پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں، بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان، میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے اس کا اطلاق کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ خصوصی ریلیف سکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آج سے شروع کردیا گیا ہے، جبکہ اس کا طریقۂ کار آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم نے سکیم کے لیے موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعے کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 5 روپے 02 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 28 پیسے کا مزید اضافہ کیا۔
جمعے کی رات اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے ہو گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 370 روپے 80 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔‘

شیئر: