Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں بالائی علاقوں سے لے کر خطہ پوٹھوہار تک بارشوں کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات کی الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ہفتے کے آخر میں (ویک اینڈ کے دوران) شدید ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے نیشنل ویدر فورکاسٹنگ سینٹر کے مطابق مون سون ہوائیں اور مغرب سے آنے والا نیا موسمیاتی سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے جس کی شدت میں 14 ستمبر (پیر) سے مزید اضافے کا امکان ہے۔
کشمیر اور خطہٴ پوٹھوہار
وادیِ نیلم، مظفرآباد، راولپنڈی، اسلام آباد، مری اور گلیات سمیت ملحقہ علاقوں میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موصلادھار بارش و ژالہ باری متوقع ہے۔
پنجاب
لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت وسطی و جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 14 ستمبر کی شام سے 17 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا
 پشاور، چترال، سوات، دیر اور مردان کے علاوہ باجوڑ، کرم اور دیگر قبائلی اضلاع میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان
 دیامر، سکردو اور ہنزہ سمیت خطے کے مختلف علاقوں میں درمیانی سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔
سندھ و بلوچستان
سندھ کے ساحلی اور بالائی اضلاع اور بلوچستان کے نارتھ-ایسٹ علاقوں (ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل) میں 13 ستمبر کی شام سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارانی سلسلے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

شیئر: