Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی سمیت ملک بھر میں بارش‘ موسم مزید سرد ہوگیا

کراچی:  شہر قائد سمیت صوبہ سندھ اور ملک کے کئی شہروں میں بارش کے بعد سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ شب شہر میں ابتدائی طو رپر ہلکی بارش ہوئی تاہم بعد ازاں کئی علاقوں میں تیز بارش ہوئی جس سے سردی بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ائرپورٹ کے اطراف ہوئی جسے 16.5 ملی میٹر ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرجانی ٹاؤن میں 11.8 اور ناظم آباد میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم کمزور ہوگیا ہے تاہم کراچی میں موسم ابھی سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ کچھ علاقوں میں تاحال بوندا باندی یا بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب حیدر آباد اور اندرون سندھ کے کئی علاقوں سمیت بدین کی ساحلی پٹی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم اچھا ہونے کے ساتھ شدید سرد ہوگیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دادو کے کیرتھر پہاڑی سلسلوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے جب کہ بارش کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی ہے ۔ اُدھر پنجاب میں لودھراں شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جب کہ ملتان شہر اور گرد و نواح میں ہلکی بارش کا سلسلہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آیندہ 12 گھنٹے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ خیبرپختونخوا کے شہر صوابی، بنوں اور گرد و نواح میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ ایبٹ آباد میں بھی رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ سوات کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور کالام اور مالم جبہ میں برفباری کا سلسلہ گزشتہ رات سے جاری ہے ، گلیات میں برفباری کے باعث تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، نتھیاگلی، ایوبیہ اور چھانگلہ گلی میں ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے ۔ وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع ابرآلود ہے جہاں رات گئے پہاڑوں پر برفباری ہوئی جس کے بعد پہاڑ برف سے ڈھک گئے ۔
 
مزید پڑھیں:- - - -  -گدھوں کی برآمدات کےلئے فارمز بنانے کا فیصلہ

شیئر: