Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ: عوا م نے مویشیوں کے باڑوں سے نجات کا مطالبہ کردیا

 مکہ مکرمہ۔۔۔ یہاں الشرائع اور الحراج سے متصل مکانات کے مکینوں نے مقدس شہر کے میئر سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں المعیصم اور الکعکیہ میں مویشیوں کے باڑوں سے نجات دلائی جائے۔ مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے دونوں مقامات پر واقع مویشیوں کے باڑے ہٹانے کے احکام جاری کررکھے ہیں۔ میونسپلٹی نے عملدرآمد کیلئے دو ماہ کی مہلت دی تھی جو ختم ہوچکی ہے۔ مقامی باشندوں کی ترجمانی کرتے ہوئے احمد حماد نے سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب لوگ مذکورہ باڑے ہٹانے کے احکام جاری ہونے پر بے حد خوش ہوئے تھے۔ یقین ہوگیا تھا کہ اب ہم مسلسل آزمائش کے دور سے آزاد ہوجائیں گے۔ شدید بدبو ، حشرات الارض کے راج اور جانوروں کے فضلہ جات سے پیدا ہونے والی گندگی سے نجات مل جائے گی مگر ہمارا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ مہلت کی مدت ختم ہوچکی ہے اور اب تک مویشیوں کے دونوں باڑے پوری آب و تاب کے ساتھ ویسے ہی آباد ہیں جیسا کہ ہٹانے کا فیصلہ جاری ہوتے وقت تھے۔ واضح رہے کہ میئر مکہ نے 2 دسمبر 2018 ءکو دونوں باڑوں کے ہٹانے کا حکم جاری کردیا تھا۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہم مایوس نہیں ہیں، اللہ تعالیٰ کی رحمت شامل حال رہی اور میئر نے اپنے فیصلے پر عملدرآمد کا اہتمام کیا تو جلد ہی مذکورہ دونوں باڑوں سے ہونے والے نقصانات سے ہم لوگ آزاد ہوجائیں گے۔ 
 

شیئر: